0
Monday 1 Jul 2024 21:21

آپریشن طوفان الاقصیٰ قدس کی آزادی کا باعث بنے گا، جنرل امیر علی حاجی زادہ

آپریشن طوفان الاقصیٰ قدس کی آزادی کا باعث بنے گا، جنرل امیر علی حاجی زادہ
اسلام ٹائمز۔ سپاہ پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس یونٹ کے سربراہ جنرل امیر علی حاجی زادہ نے آج شہداء کے وارثین کے اجتماع سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم نے خلیج فارس میں امریکی جہاز گلوبل ہاک کی جارحیت کو روکتے ہوئے اسے ایک میزائل مار کر گرا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے عین الاسد میں ایک دوسری کارروائی کے دوران امریکہ کے خلاف 13 میزائل داغے۔ تاہم آپریشن وعدہ صادق کے نام سے تیسری کارروائی میں 300 میزائل فائر کئے۔ اس موقع پر ایرو سپیس یونٹ کے کمانڈر نے کہا کہ میں اور میرے تمام ساتھی آپریشن وعدہ صادق2 کے خواہشمند ہیں کہ جس میں میزائلوں کی بارش کر دی جائے۔ جنرل امیر علی حاجی زادہ نے کہا کہ چونکہ میں 44-45 سال سے یہی کام کر رہا ہوں اور عسکری اونچ نیچ کو خوب سمجھتا ہوں اس لئے ایک فوجی مبصر کی حیثیت سے کہتا ہوں کہ آپریشن طوفان الاقصیٰ کے نام سے فلسطین میں شروع ہونے والی یہ تحریک فلسطینی عوام کی ناقابل فراموش استقامت کے باعث یقیناََ فلسطینی عوام کی فتح پر اختتام پذیر ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لوگوں اور حکام کے لئے فلسطینی مظلومیت کے مناظر بہت سخت ہیں۔

ہمارے لئے یہ سختی دو طرح کی ہے کہ ایک تو ہمارے پاس طاقت بھی ہے اور دوسری جانب ہمارے ہاتھ بھی بندھے ہوئے ہیں۔ جنرل امیر علی حاجی زادہ نے کہا کہ ہم فی الحال اسرائیل پر براہ راست حملے کی پوزیشن میں نہیں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ فلسطین، لبنان اور دیگر جگہوں پر ہمارے عزیزوں کہ پاس جو اسلحہ ہے وہ ہر خاص و عام کو معلوم ہے کہ ایران کی مدد کے سہارے استقامت کاروں تک پہنچتا ہے۔ اس کے علاوہ ہم سے جو کچھ ہو سکا ہم انجام دیں گے۔ نہ تو پہلے کبھی ہم نے کوتاہی کی اور نہ ہی آئندہ اپنے اس فریضے سے پیچھے ہٹیں گے۔ انہوں نے اس امر کی وضاحت کی کہ جب تک ہم میں جان ہے ہم مقاومت و فلسطین کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ انقلابی گارڈز کی ایرو سپیس یونٹ کے سربراہ نے کہا کہ جیسا کہ رہبر معظم نے فرمایا کہ یقیناََ فلسطینی عوام فتحیاب ہو گی۔ لہٰذا آپ کی استقامت و پائیداری قابل بیان نہیں۔ مطمئن رہیں کہ آپ خطے اور جہان کی تاریخ تبدیل کر دیں گے۔ ہم آخری دم تک آپ کے ساتھ ہیں اور جو کچھ ہم سے ہو پایا ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے لئے انجام دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1145058
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش