0
Wednesday 3 Jul 2024 22:18

بیوٹمز بس واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے، علامہ علی حسنین

بیوٹمز بس واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے، علامہ علی حسنین
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے بیوٹمز کی بس سے گر کر طالب علم کی قیمتی جان کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جان کے تحفظ کے معاملے میں لاپرواہی ناقابل برداشت ہے۔ واقعہ کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے لاپرواہی برتنے والے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ علی حسنین نے کہا کہ طلباء ہماری قوم کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ جنہیں سہولیات فراہم کرکے تعلیم کے حصول کو فروغ دینا چاہئے، تاہم بدقسمتی سے ہمارے ملک میں نہ تعلیم کو ترجیح دی جاتی ہے اور نہ ہی طلباء کی اہمیت کو قبول کیا جاتا ہے۔ گزشتہ دنوں بیوٹمز کی چلتی بس سے دو طالب علموں کا گرنا المیہ ہے۔ جن میں سے ایک کی جان چلی گئی اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ مبینہ طور پر بس میں گنجائش سے زیادہ طلباء کی موجودگی کے باعث یہ واقعہ رونماء ہوا ہے۔ جو یونیورسٹی انتظامیہ کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ جب تک کوئی واقعہ رونماء نہیں ہوتا ذمہ داران حرکت میں نہیں آتے۔ طلباء کی جانب سے بس کم ہونے کی شکایات کے باوجود ان کی نہ سنی گئی، جسکے نتیجے میں یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ حکومت واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داران سے جواب طلب کرے اور لاپرواہی برتنے والے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں دیگر جامعات اور کالجز کے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کسی اور ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے اپنے نظام پر ایک نظر ڈالیں اور اس طرز کے کسی بھی ممکنہ واقعہ کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ادارے کو جن مشکلات کا سامنا ہے انہیں حکومت کے سامنے رکھیں تاکہ بروقت انتظامات سے کارکردگی کو بہتر بنائی جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 1145536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش