0
Sunday 30 Jun 2024 21:23

پارلیمنٹ میں بسم اللہ پڑھکر حلف اٹھانے پر تنازعہ بے وجہ ہے، ضیاء الرحمن برق

پارلیمنٹ میں بسم اللہ پڑھکر حلف اٹھانے پر تنازعہ بے وجہ ہے، ضیاء الرحمن برق
اسلام ٹائمز۔ اترپردیش کے سنبھل سے سماجوادی پارٹی کے نومنتخب رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق نے پارلیمنٹ میں بسم اللہ پڑھ کر حلف لینے پر تنازعہ کو بے وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے آئین کے مطابق ہی حلف لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اردو زبان میں حلف لیا اور بسم اللہ پڑھ کر حلف لیا، جو آئین کے مطابق ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لوگوں کی طرف سے جو مخالفت کی جارہی ہے، وہ کسی بھی طرح سے درست نہیں ہے، میں نے بسم اللہ پڑھ کر حلف اٹھایا اور انقلاب زندہ آباد، سماجواد زندہ آباد اور آئین زندہ آباد کا نعرہ لگایا، جو آئین کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دادا مرحوم شفیق الرحمٰن برق کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حلف لیا ہے، جن لوگوں کو اردو زبان سے نفرت ہے، وہ اس پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اگر بسم اللہ پڑھ کر اور اردو زبان میں حلف لینے میں کوئی حرج ہوتا تو میری پارٹی اور انڈیا الائنس کے لیڈران میرے ساتھ کھڑے نہیں ہوتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاست میں میرے استاد میرے دادا محترم ہیں، میری کوشش رہے گی کہ میں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے لوگوں کی آواز بن سکوں۔ انہوں نے کہا کہ شفیق الرحمٰن برق کی جگہ لے پانا یا اس خلا کو پُر کر پانا مشکل ہی ناممکن ہے، لیکن میں ان کی طرح آواز بننے کی پوری کوشش کروں گا۔ ضیاء الرحمن برق نے کہا کہ بی جے پی کا کام تو ملک میں نفرت پھیلانا اور تقسیم کرنا ہے، لیکن ان کے عزائم جلد ہی ناکام ہوجائیں گے اور ملک میں جلد از جلد ایسی حکومت ہوگی، جو عوام کی اور سیکولر حکومت ہوگی۔  ضیاء الرحمان برق نے کہا کہ ملک میں انڈیا الائنس کی حکومت نہیں بن سکی، لیکن ایک مضبوط اپوزیشن ہے اور ہم عوام کی آواز اٹھاتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1144806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش