0
Wednesday 3 Jul 2024 17:22

کوئٹہ، وزیر داخلہ کی زیر صدارت سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس

کوئٹہ، وزیر داخلہ کی زیر صدارت  سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو نے آج کمانڈ اینڈ کنٹرول کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کا دورہ کیا اور کوئٹہ شہر کی سیکیورٹی سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ اور متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر چیف اپریٹنگ آفیسر کوئٹہ سیف سٹی ایس پی عدیل اکبر نے حکام کو پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی پروگرام شہر میں ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مزید تقویت دے رہی ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ سینگرانی اور رسک مینجمنٹ کے لئے زیادہ سے زیادہ ڈیٹا برقرار رکھا جارہا ہے، جبکہ منصوبے نے کوئٹہ شہر کے اہم مقامات پر لوگوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت کی جانچ کے لئے نگرانی کے کیمرے اور ریڈیو فریکوئنسی ریڈارز نصب کئے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کو مکمل کرنا حکومت کے لئے بہت بڑا چیلنج تھا۔ پروجیکٹ کا مقصد جرائم کا خاتمہ اور مجرموں کی گرفتاریاں ہیں۔ دعا ہے کہ سیف سٹی پروجیکٹ صوبے کے عوام کے لئے فائدہ مند اور تحفظ کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی تمام وسائل کو بروکار لا کر عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کے ساتھ فورسز بھی نشانہ بنے۔ دہشت گردی کی جنگ میں فورسز کی لازوال قربانیاں پر ہمیں فخر ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے میں سیف سٹی پروجیکٹ مددگار ثابت ہوگا۔ فورسز ریاست کی سپاہی کے طور پر سیف سٹی جیسے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردی کا جلد خاتمہ کر لیں گے۔ ضیاء لانگو کا مزید کہنا تھا کہ پراجیکٹ کا مقصد اور اہداف جرائم کا خاتمہ اور کریمنلز کی یقینی گرفتاریاں ہیں۔ سیف سٹی پروجیکٹ صوبے کے عوام کے لیے تاریخی فائدہ مند اور تحفظ کا ذریعہ ثابت ہوگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ سیف سٹی پروجیکٹ کیمروں کی مدد سے جرائم پیشہ افراد کی نقل و حرکت پر نگرانی ممکن ہو سکے گی، جبکہ کیمروں کی مدد سے تجاوزات اور اسکی وجہ سے ہونے والے ٹریفک جام کی نشاندہی بھی فوری طور پر ہو سکے گی اور ٹریفک جام کے مسئلے کی سب سے بڑی وجہ تجاوزات ہیں۔ جبکہ سیف سٹی پراجیکٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے۔ آئی جی پولیس عبدالخالق الخالق شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی سے سیکیورٹی کے درپیش واقعات کا مؤثر طریقے سے جواب دیا جا سکے گا اور سیکیورٹی کے خطرات کو فعال طریقے سے نمٹا جا سکے گا۔ اجلاس کے اختتام پر آئی جی پولیس کی جانب سے وزیر داخلہ کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1145484
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش