0
Friday 5 Jul 2024 20:36

ماہ محرم الحرام مذہبی رواداری و ہم آہنگی سے منایا جائیگا، ملی یکجہتی کونسل

ماہ محرم الحرام مذہبی رواداری و ہم آہنگی سے منایا جائیگا، ملی یکجہتی کونسل
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل سندھ کے تحت ادارہ نورحق کراچی میں کونسل کے صوبائی سکریٹری جنرل علامہ قاضی احمد نورانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ماہ محرم میں امن و امان کی صورتحال، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، مذہبی رواداری و ہم آہنگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، نائب امیر کراچی مسلم پرویز، مجلس وحدت مسلمین کے مولانا ملک غلام عباس، ملی مسلم لیگ کے ثقلین اسحاق، محمد فاروق و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ ماہ محرم الحرام حسب معمول مذہبی رواداری و ہم آہنگی سے منایا جائے گا۔ اجلاس میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں تمام مذہبی طبقات سے گزارش کی گئی کہ وہ محرم الحرام میں امن و امان کو ہر قیمت پر برقرار رکھیں، جلوس کے اوقات کار کو منظم طریقے سے مقرر کیا جائے۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ علمائے کرام اشتعال انگیزی سے پرہیز کریں، سوشل میڈیا کی سختی سے نگرانی کی جائے اور انتشار پھیلانے والی پوسٹوں پر پابندی لگائی جائے، کسی بھی سطح پر انتشار پھیلانے والے پوسٹروں، نعروں، اشتہارات اورتقاریر کو روکا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی واعظ،مقرر، ذاکر اشارۃ و کنایۃ ایسی گفتگو نہ کرے جس سے دوسرے فرقے کی دل آزاری ہو۔ اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ ماہ محرم الحرام میں شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، سیکورٹی کے نام پر موبائل سروس بند نہ کی جائے، ڈبل سواری پر پابندی نہ لگائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 1145936
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش