0
Wednesday 3 Jul 2024 23:21

معطل ارکان کی بحالی تک قائمہ کمیٹیوں میں شریک نہیں ہونگے، ملک احمد خان بھچر

معطل ارکان کی بحالی تک قائمہ کمیٹیوں میں شریک نہیں ہونگے، ملک احمد خان بھچر
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے سڑک پر عوامی اسمبلی لگا لی۔ پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن کی عوامی اسمبلی کا میاں اعجاز شفیع کی زیر صدارت علامتی اجلاس ہوا، سنی اتحاد کونسل کے اراکین، فارم 45 کے مطابق جیت کے دعویدار ٹکٹ ہولڈر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں فارم 45 کے مطابق جیت کے دعویدار 45 ٹکٹ ہولڈرز نے عوامی اسمبلی میں حلف اٹھایا، عوامی اسمبلی میں وزیراعلیٰ اور سپیکر کے خلاف اپوزیشن نے نعرے بازی بھی کی۔ اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا یہ سچی اور اصلی اسمبلی ہے۔ سی ایم نے جس طرح ارکان اسمبلی کے ساتھ سلوک کیا وہ قابل مذمت ہے۔ تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن لیڈر کے چیمبر کو تالے لگائے گئے، بجٹ پر عوام کو دھوکا دیا گیا۔

انہوں نے کہا احتجاج پر اپوزیشن کے 11 ارکان کی رکنیت ہی معطل کر دی گئی۔وزیراعلیٰ 100 ارکان کا سامنا نہیں کر سکتیں، 12 کروڑ عوام کا کیسے سامنا کریں گی۔ ٹکٹ ہولڈر نعیم حیدر پنجوتھہ کا کہنا تھا کہ آج ہمارے فارم 45 کے مطابق جیتنے والے ارکان نے حلف اٹھایا ہے۔ اجلاس میں متعدد قراردادوں کی بھی منظوری دی گئی۔ علامتی اسمبلی نے خواتین کی مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو دینے کی قرارداد بھی پاس کی۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر عوامی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1145555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش