0
Thursday 27 Jun 2024 12:39

اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ

اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 56ویں اجلاس میں شرکت کیلئے موجود کشمیری وفد نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کے خلاف عالمی ادارے کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ”تشدد کے متاثرین کی حمایت“ کے عالمی دن پر کیے جانے والے مظاہرے میں پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین سے کشمیری وفد کے سربراہ الطاف حسین وانی، سردار امجد یوسف، پرویز احمد شاہ، شمیم شال، ڈاکٹر ولید رسول، مغزالہ حبیب، حائقہ اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت نے خواتین سمیت ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کر رکھا ہے جہاں انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ بھارتی حکومت حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے تشدد کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔مقررین نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ وادی کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے وحشیانہ تشدد کیوجہ سے ہزاروں کشمیری اپاہج ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم کا موثر نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 1144151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش