0
Monday 1 Jul 2024 21:53

کوئٹہ، محرم الحرام کی سیکیورٹی و دیگر انتظامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد

کوئٹہ، محرم الحرام کی سیکیورٹی و دیگر انتظامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کے دوران انتظامات اور سیکیورٹی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر عمائدین کے اجلاس کا انعقاد آج کوئٹہ میں ہوا۔ پولیس لائن کے شہید حامد شکیل ملٹی پرپز ہال میں محرم الحرام کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور ڈی آئی جی کوئٹہ اعتزاز احمد گورایہ نے کیں۔ جس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمد بلوچ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن ذوہیب محسن، ایس پی سیکیورٹی نعیم اچکزئی، ایف سی سکیٹر کمانڈرز، ایریا ایس پیز، شیعہ اور سنی علمائے کرام اور شیعہ کانفرنس کے زمہ داران، صدر انجمن تاجران کے علاوہ دیگر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے افسران شریک تھے۔ کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات نے اجلاس کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عاشورہ محرم الحرام کے لئے روٹ کی صفائی ستھرائی، مجالس کے مقامات میں بجلی کی بلا تعطل ترسیل و دیگر انتظامات کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ محرم الحرام کے سلسلے میں مجالس عزاء، جلوسوں و دیگر حساس مقامات پر ڈسٹرکٹ پولیس کے علاوہ ایف سی اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے اہلکار نگرانی کریں گے۔ سیکیورٹی پلان کے تحت شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر چیکنگ اور سیکیورٹی کا نظام کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر اور صوبہ ہمارا ہے، یہاں مختلف مکاتب فکر کے لوگ رہتے ہیں۔ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں یگانگت بھائی چارے اور سب سے بڑھ کر صبر کا درس دیتا ہے۔ ہم پر امن لوگ ہیں، ہم ہر موقع پر یگانگت اور بھائی چارے کا عملی نمونہ پیش کرتے رہیں گے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات پر فورس کے جوانوں سمیت نصب سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے گی اور عاشورہ کے جلوس کے دوران شہر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ اجلاس میں مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی تاجر برادری ہر ممکن تعاون کرتے ہوئے جلوس کے راستوں پر دکانوں کو سیل کرنے اور جلوس کے موقع پر ان کے ساتھ ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 1145057
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش