0
Monday 1 Jul 2024 21:36

حکومت لوڈشیڈنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

حکومت لوڈشیڈنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام تنگ آگئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں عوام لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیلئے نکلتے ہیں، تاہم حکومت اور انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتے ہیں۔ ہر ماہ مکمل بل ادا کرنے کے باوجود بجلی سے محروم رہنے والے شہری کس کو اپنی فریاد سنائیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ علی حسنین نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہری باقاعدگی سے بجلی کے بھاری بھرکم بل ادا کرتے ہیں۔ مگر کیسکو عوام کو مسلسل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔ بجلی کے بل پر مختلف اقسام کے ٹیکسز وصول کرنے والے اپنی ذمہ داری کب ادا کریں گے۔ جب عوام بل ادا کرتے ہیں تو انہیں بجلی بھی ملنی چاہئے۔

علامہ علی حسنین نے کہا کہ شہر کے مختلف مقامات پر آئے روز عوام احتجاج کے لئے نکلتے ہیں۔ حکومت اگر عوامی ہوتی تو مظاہرین کی دادرسی کرتے ہوئے کیسکو کو پابند کرتی کہ عوام کو تنگ کرنا بند کرے اور بجلی فراہم کرے۔ اگر عوام سراپا احتجاج ہوں اور حکومت کو کوئی فرق نہ پڑے تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور کیسکو عوام پر ظلم کا سلسلہ بند کرے۔ زندگی کی بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی سے بلوچستان کے عوام کے دلوں میں احساس محرومی میں اضافہ ہوگا۔ کوئٹہ کے عوام کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتے ہوئے باقاعدگی سے بجلی فراہم کی جائے۔ علامہ علی حسنین نے کہا کہ دنیا جہاں ترقی کے منازل طے کر رہی ہے وہیں پاکستان کے عوام بجلی کے حصول کی خاطر سڑکیں بند کرکے احتجاج کر رہے ہیں۔ حکومت کو خود اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے دیرپا اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
خبر کا کوڈ : 1145046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش