0
Wednesday 3 Jul 2024 20:50

12جولائی کو اسلام آباد میں بیٹھنے کا اعلان کیا ہے اٹھنے کا نہیں، حافظ نعیم الرحمن 

12جولائی کو اسلام آباد میں بیٹھنے کا اعلان کیا ہے اٹھنے کا نہیں، حافظ نعیم الرحمن 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 12جولائی کو اسلام آباد میں بیٹھنے کا اعلان کیا، اٹھنے کا نہیں۔ جماعت اسلامی کے تحت اب تک ہونے والے مظاہرے وارم اپ میچز تھے، اصل میچ اب ہوگا، ذاتی مقاصد کے لیے نہیں عوام کے حق کے لیے پرامن تحریک مزاحمت کا آغاز کر رہے ہیں، کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ فارم 47کی پیداوار اور بوٹ پالشیے عوام کو ریلیف دیں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہو جائیں۔ وہ منصورہ میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں نئے الیکشن کی ضرورت نہیں، فارم 45کی صورت میں لیگل ڈاکومنٹ موجود ہے، اسی پر نتائج کا اعلان کیا جائے، جو پارٹیاں اب نئے الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہیں، انھوں نے سلیکشن کی سیٹیں قبول کر لیں۔ میڈیا اپنے آپ کو زیرک سیاست دان کہنے والوں سے سوال پوچھے کہ الیکشن قبول نہیں تھے تو مخصوص سیٹیں کیوں لیں؟ عام سیاسی ورکرز کا ذہن تو اس منطق کو سمجھنے سے قاصر ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی سیاسی پارٹی سے اتحاد کر کے دھرنا نہیں دے رہی، سیاسی پارٹیاں ویسے بھی اپنے مسائل میں الجھی ہوئی ہیں، کوئی دھرنے میں شامل ہونا چاہتا ہے تو اسے منع نہیں کریں گے۔

 انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ون، پی ڈی ایم ٹو اور درمیان میں نگران حکومت کی پالیسیوں میں یکسانیت ہے، انھوں نے پوری قوم کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ ظالم طبقہ مسلط رہے گا تو تماشائی بن کر نہیں رہ سکتے۔ انھوں نے کہا کہ ہر طبقہء فکر کا استحصال ہو رہا ہے، ملک میں انارکی کا خطرہ ہے، ہم پوری قوم کو انارکی کی طرف نہیں دھکیل سکتے، ہم دیکھ رہے ہیں کینیا میں کیا ہوا، بہتر یہی ہے شہباز شریف ریلیف دیں ورنہ قوم بپھر جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ دفعہ 144ہمارے راستے میں رکاوٹ نہیں۔ کربلا کا پیغام یہی ہے کہ ظلم کے خلاف جدوجہد برپا کی جائے۔

 
خبر کا کوڈ : 1145520
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش