0
Sunday 30 Jun 2024 12:46

سول سوسائٹی ارکان کی بی جے پی حکومت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کی مذمت

سول سوسائٹی ارکان کی بی جے پی حکومت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سول سوسائٹی کے ارکان نے مسلسل کشمیر دشمن پالیسیوں پر بی جے پی کی کٹھ پتلی انتظامیہ کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر زبیر احمد، محمد فرقان، محمد اقبال شاہین اور سید حیدر حسین سمیت سول سوسائٹی کے ارکان نے سرینگر میں ایک اجلاس کے دوران دفعہ 370 اور 35-A کو ان کی اصل شکل میں بحال کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیاں تیز کر رہی ہے اور ان کے حقوق کو مسلسل نظرانداز کر رہی ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں مظالم بند کرے اور تنازعہ کشمیر کو فوری طور پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ انہوں نے موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی پولیس، تعلیم اور انتظامیہ سمیت تمام شعبوں پر غیر کشمیری بابوئوں کا قبضہ ہے جس سے کشمیریوں کی بقاء کو مزید خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں درجنوں خالی آسامیوں سے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے اور اسے موجودہ غیر منتخب حکومت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی سیاسی صورتحال کی طرف مبذول کرائی اور مختلف جیلوں میں قید کشمیری سیاسی نظربندوں کی حالت زار کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔اجلاس میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ من گھڑت الزامات کے تحت کشمیریوں کو نہ صرف گرفتار کیا جا رہا ہے بلکہ ان کے گھروں، جائیدادوں اور زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بھارتی حکومت نظربند حریت رہنمائوں، کارکنوں اور نوجوانوں کے خلاف سیاسی انتقام کی کارروائیوں کے لئے عدلیہ کو استعمال کر رہی ہے۔ اجلاس میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیریوں کو سیاسی ناانصافیوں اور فوجی محاصرے سے نجات دلانے کے لیے آگے آئے۔
خبر کا کوڈ : 1144751
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش