0
Tuesday 2 Jul 2024 10:58
ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے قیدیوں کا فرار

سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پیر مظہر سعید

سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پیر مظہر سعید
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے قیدیوں کے فرار کے معاملہ میں سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق اول روز سے واقعہ کو قریب سے دیکھ رہے ہیں، غازی شہزاد کے معاملہ کو اچھال کر وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف بے بیناد پروپیگنڈہ کرنا افسوسناک امر ہے۔ عدالتوں میں زیر کار مقدمات پر احکامات کی اجرائیگی اور ملزمان کی منتقلی عدالتی معاملہ ہوتا ہے اور غازی شہزاد کے حوالے سے معاملہ پر واضح عدالتی احکام بھی موجود ہیں۔ عدالت میں زیر کار مقدمات میں وزیراعظم سمیت کوئی بھی ایگزیکٹو اتھارٹی حکم جاری  نہیں کر سکتی۔ سکیورٹی لیپس اور ملزمان کے فرار کے معاملہ میں انتظامیہ کی جانب سے برتی گئی ہر طرح کی لاپرواہی کے حوالہ سے حقائق کے تعین کی غرض سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی تحریک کر دی گئی ہے۔ حکومت پر مثبت تنقید ہر صحافی کا حق ہے۔ پوائنٹ سکورنگ سے ہیجان پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا مخالفت برائے مخالفت کسی طور درست نہیں، پیشہ ورانہ اور تحقیقی صحافت معاشرے میں مثبت تبدیلی لاتی ہے۔ وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ راولاکوٹ واقعہ میں فرار ہونے والوں میں شامل غازی شہزاد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات عدالتوں میں زیر کار ہیں، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر غازی شہزاد کی  انسداد دہشت گردی عدالت راولاکوٹ سے انسداد دہشت گردی عدالت میرپور میں منتقلی کی درخواست محکمہ داخلہ کی جانب سے ہائیکورٹ میں پیش بھی کی گئی تھی۔ اس اثنا میں معزز عدالت عالیہ نے بروئے حکم مجریہ ء15.06.2024 غازی شہزاد کا مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت راولاکوٹ سے انسداد دہشت گردی عدالت میرپور منتقل کر دیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولاکوٹ میں متذکرہ مقدمہ کی تاریخ پیشی ء27.06.2024 مقرر تھی۔ 27.06.2024 کو ملزمان کی عدالت میں پیشی پر پراسیکیوٹنگ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نے درخواست پیش کی کہ ملزمان کی منتقلی کے بارے  میں حکم مناسب فرمایا جائے۔ اس اثنا میں انسداد دہشت گردی عدالت راولاکوٹ نے درخواست پر حکم صادر کیا کہ ملزمان کی منتقلی کا بندوبست ہونے تک انہیں بند جوڈیشل حوالات راولاکوٹ رکھا جائے۔

عدالت متذکرہ بالا نے ڈاکٹ جاری کیا کہ ملزمان کو مورخہ 10.07.2024ء روبرو عدالت پیش کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ زیر کار مقدمات پر احکامات کی اجرائیگی اور ملزمان کی منتقلی عدالتی معاملہ ہے اور اس پر واضح عدالتی احکام موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ غازی شہزاد کے معاملہ میں 2 دیگر پٹیشنر بھی کیس میں موجود ہے اگر معاملہ میں غازی شہزاد کی طرف سے کسی منصوبہ بندی کا عنصر موجود ہوتا تو دیگر دو پٹیشنر بھی صورت حال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے اور فرار ہو جاتے۔ اسی طرح باقی 18 مفرور ملزمان کی منتقلی کا معاملہ تو زیر غور نہ تھا. بے جا پروپیگنڈہ زرد صحافت کو ظاہر کرتا ہے، حقائق کے برخلاف بے بنیاد بیانیہ لوگوں میں ہیجانی کیفیت پیدا کرتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ معاملہ کو وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے ساتھ جوڑنا سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے علاوہ کچھ نہیں۔ حکومت پر مثبت تنقید ہر صحافی کا حق ہے مگر قومی سلامتی اور عدالتوں میں زیر کار معاملات پر سیاسی پوائنٹس سکورنگ اور بعض صحافیوں کے بے بنیاد الزامات پیشہ ورانہ صحافت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہیں، ذمہ داران کے خلاف تحت ضابطہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1145190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش