0
Thursday 4 Jul 2024 16:12

اغواء انڈسٹری میں بااثر شخصیات ملوث ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

اغواء انڈسٹری میں بااثر شخصیات ملوث ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہم مظلوم کے حامی اور ہر ظالم کے دشمن ہیں۔ سندھ کے عوام مظلوم ہیں ہر روز ان کے جوان اور بزرگ اغواء ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مغوی بہرام خان کھوسہ کی بازیابی کے لئے جیکب آباد بائی پاس پر کھوسو قبیلے کے زیر اہتمام دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احتجاجی دھرنے میں ایم ڈبلیو ایم ضلع جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری اور مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلع صدر علامہ سیف علی ڈومکی و دیگر بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بہرام خان کھوسہ کو ڈاکو اس کے گھر سے اغواء کرکے لے گئے اب عوام اپنے گھروں میں غیر محفوظ ہے۔ مغوی بہرام خان کو زنجیروں میں باندھ کر زدوکوب کیا اور کروڑوں روپے تاوان مانگ رہے ہیں۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ آخر عوام کے منتخب نمائندے اس صورتحال پر کیوں نہیں آواز اٹھا رہے۔ سندھ اسمبلی اور قومی اسمبلی میں منتخب نمائندے اس ظلم و بربریت کے خلاف کیوں نہیں بولتے۔ اغواء انڈسٹری میں بااثر لوگ ملوث ہیں۔ سندھ حکومت بتائے کہ بار بار آپریشن کے اعلان کے باوجود ڈاکوؤں کے نیٹ ورک اور بدامنی میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق گزشتہ ایک سال میں 1300 افراد اغواء ہوئے۔ مگر سندھ حکومت، پولیس، رینجرز، فوج اور ریاستی ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت بتائے کہ کیا عوام اپنی حفاظت کے لئے خود ہتھیار اٹھائے، جس طرح بگٹی قبیلے کے مسلح افراد نے حملہ کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1145701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش