0
Thursday 4 Jul 2024 15:01

عالمی برادری اسرائیلی دہشتگردی کے سامنے کھڑی ہو جائے، نجیب میقاتی

عالمی برادری اسرائیلی دہشتگردی کے سامنے کھڑی ہو جائے، نجیب میقاتی
اسلام ٹائمز۔ لبنان کے نگران وزیراعظم "نجیب میقاتی" نے غزہ کی پٹی سے لبنان اور پھر وہاں سے خطے تک ہولناک جنگ کے پھیلاو پر خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ لبنان ہمیشہ امن کا داعی تھا اور ہے۔ ہم کبھی بھی جنگ کے خواہشمند نہیں تھے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی اور جنوبی لبنان میں صیہونی جارحیت کی مذمت کی۔ نجیب میقاتی نے کہا کہ اسرائیل کے حملے تباہ کن اور دہشت گردانہ ہیں جن کے خلاف عالمی برادری کو کھڑا ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج جو کچھ لبنان میں ہو رہا ہے وہ ہماری خودمختاری پر اسرائیلی رژیم کی جارحیت کی شدت اور بین الاقوامی قرارداد 1701 کی مسلسل خلاف ورزی کا نتیجہ ہے۔ لبنان کے نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے غزہ جنگ کے آغاز سے ہی امن و استحکام کے قیام کے لئے متعدد روابط کئے اور اس جنگ کے علاقائی جنگ میں تبدیل ہونے پر وارننگ بھی دی۔

نجیب میقاتی نے کہا کہ ہم ایسے لوگ ہیں جنہوں نے خودمختاری، قومی غیرت، علاقائی سالمیت اور عام شہریوں بالخصوص بچوں و خواتین پر جارحیت کو قبول نہیں کیا اور نہ کریں گے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل جنوبی لبنان کے ایک علاقے کا دورہ کرتے ہوئے نجیب میقاتی نے کہا کہ ہم جنوبی علاقوں میں استحکام چاہتے ہیں۔ ہم ہمیشہ سے امن کے حامی رہے ہیں اور قرارداد 1701 پر عمل کرنے پر زور دیتے ہیں۔ اسرائیل کو چاہئے کہ وہ لبنان پر اپنے مسلسل حملے بند کرے اور جنگ غزہ کے اختتام کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی لبنان میں اپنے لوگوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ہمیشہ ان کی صورت حال سے واقفیت رکھتے ہیں۔ ہم اپنی عوام کے ساتھ ہیں۔ مقاومت، لبنانیوں کی جانب سے اپنے وظیفہ کو انجام دے رہی ہے اور حکومت اپنے قومی فریضے کو۔ ہمارا مقصد مکمل طور پر ملک کی سرحدوں کی حفاظت ہے۔
خبر کا کوڈ : 1145690
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش