0
Sunday 30 Jun 2024 17:39

ڈکیتی مزاحمت یا ذاتی دشمنی؟ کورنگی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے دکاندار جاں بحق

ڈکیتی مزاحمت یا ذاتی دشمنی؟ کورنگی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے دکاندار جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے کورنگی میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار نے دکان پر فائرنگ کرکے وہاں موجود دکان کے مالک کو قتل کر دیا، واقعے کو لواحقین نے ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ قرار دیا، جبکہ پولیس نے ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی نمر 6 میں عوامی کالونی تھانے کے قریب محمد زبیر اینڈ برادر اسٹیل مرچنٹ کے نام سے قائم دکان پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں دکان میں موجود ایک شخص شدید زخمی ہو گیا، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔ مقتول کی شناخت 32 سالہ وسیم کے نام سے ہوئی اور وہ اسٹیل مرچنٹ دکان کے مالک اور لانڈھی نمبر 6 فائیو ڈی کے رہائشی تھے اور ان کا ایک بیٹا ہے۔

مقتول کے کزن نے بتایا کہ میری دکان اور وسیم کی دکان آمنے سامنے ہے، فائرنگ سے قبل وسیم اپنی دکان کے کاؤنٹر پر بیٹھا ہوا تھا اور دو ملازم دکان کے عقبی حصے میں کام کر رہے تھے اور میں کھانا لینے گھر آیا تھا، تو مجھے فون آیا کہ وسیم کو گولی مار دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلی میں موجود افراد نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے وسیم سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر گولی مار دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، وسیم کی دکان گھر کے قریب ہے جہاں ان کو گولی ماری گئی ہے۔

دوسری جانب ایس ایچ او عوامی کالونی ناصر محمود نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان مقتول کی دکان پر آئے اور ایک ملزم نے موٹر سائیکل سے اتر کر مقتول پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے اور مسلح ملزم نے 9 سے 10 سیکنڈ کے اندر واردات مکمل کی اور فرار ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے کے وقت مقتول اپنی دکان پر باہر کھڑا تھا، ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ظاہر ہوتا ہے۔ ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے 4 خول  قبضے میں لیے ہیں، جسے فارنزک کیلئے بھیجا جائے گا، پولیس نے جائے وقوع سے دیگر شواہد بھی اکٹھے کر لئے ہیں اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1144794
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش