0
Tuesday 2 Jul 2024 14:54

نریندر مودی کے راج میں سچ کو مٹایا جاسکتا ہے، راہل گاندھی

نریندر مودی کے راج میں سچ کو مٹایا جاسکتا ہے، راہل گاندھی
اسلام ٹائمز۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کی۔ راہل گاندھی سے جب ان کی تقریر کے کچھ حصے ہٹانے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے سخت نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ راہل گاندھی نے صحافیوں سے کہا کہ مودی کی دنیا میں سچ مٹایا جا سکتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دنیا سے سچ کو نہیں مٹایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا ’’مجھے جو کہنا تھا، میں نے کہا، یہی سچ ہے، اب حکومت کو جو رکھنا ہے وہ رکھے اور جس کو مٹانا ہے اس کو مٹا دے کیونکہ مودی کے راج میں سچ اور سچ بولنے والوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے‘‘۔

پیر کے روز پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف کے طور پر راہل گاندھی کی پہلی تقریر کے کئی حصوں کو اسپیکر کے حکم پر حذف کر دیا گیا تھا کونکہ بی جے پی حکومت کے لیڈران کی طرف سے سخت تنقید کی گئی تھی۔ صدر دروپدی مرمو کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے دوران پارلیمنٹ میں اپنی تقریر میں راہل گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر تشدد اور نفرت پھیلانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے این ای ای ٹی تنازعہ، اگنی پتھ اسکیم، منی پور تشدد اور اقلیتوں سمیت دیگر مسائل پر بھی حکومت کو نشانہ بنایا، جس میں سے راہل گاندھی کی تقریر کے کچھ حصوں کو حذف کر دیا گیا تھا۔ راہل گاندھی کی تقریر کے جو حصے ہٹائے گئے تھے ان میں بی جے پی کے خلاف ان کے الزامات بھی شامل تھے۔ اس میں انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے اور تشدد کو بڑھاوا دے رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1145241
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش