0
Saturday 29 Jun 2024 16:32

ایران، صدارتی انتخابات میں کوئی امیدوار واضح اکثریت حاصل نہ کرسکا

ایران، صدارتی انتخابات میں کوئی امیدوار واضح اکثریت حاصل نہ کرسکا
اسلام ٹائمز۔ ایران میں ہونے والے حالیہ صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکا۔ ایران کے صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرسکا جس کے بعد ایرانی وزیر داخلہ نے رن آف کا اعلان کردیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ایران میں صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جمعہ 5 جولائی کو ہوگا، صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسعود پیز شکیان اور سعید جلیلی کے درمیان  مقابلہ ہوگا۔ ایرانی وزارت داخلہ کے مطابق اب تک 2 کروڑ 45 لاکھ ووٹ گنے جا چکے ہیں جس میں  مسعود پیز شکیان کو ایک کروڑ 4 لاکھ، سعید جلیلی کو 94 لاکھ ووٹ ملے، محمد باقر کے 34 لاکھ جبکہ مصطفیٰ پور کے محمدی کو 2 لاکھ ووٹ ملے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات کیلئے پولنگ گزشتہ روز صبح 8 بجے شروع ہوئی، جس میں رات 12 بجے تک توسیع کی گئی تھی، پولنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

ایرانی وزیرِ داخلہ احمد وحیدی کے مطابق صدارتی الیکشن کے لیے ملک بھر میں 60 ہزار ووٹنگ سٹیشنز اور 90 ہزار ووٹنگ پوائنٹس بنائے گئے جبکہ تارکینِ وطن کے لیے ملک سے باہر 300 ووٹنگ سٹیشنز قائم کیے گئے۔ ابتدائی طور پر 6 امیدوار صدارتی انتخاب کی دوڑ میں موجود تھے تاہم الیکشن سے ایک روز قبل 2 امیدواروں نے مقابلے سے دستبرداری  کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ ایران میں صدارتی انتخاب آئندہ برس ہونا تھے تاہم گزشتہ ماہ صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال سے خالی ہونے والے عہدے پر انتخاب ہو رہا ہے، صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان گزشتہ ماہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 1144600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش