0
Monday 1 Jul 2024 17:31

انجینئر رشید کی حلف برداری کیلئے ’این آئی اے‘ نے مشروط رضامندی ظاہر کی

انجینئر رشید کی حلف برداری کیلئے ’این آئی اے‘ نے مشروط رضامندی ظاہر کی
اسلام ٹائمز۔ شمالی کشمیر سے عمر عبداللہ اور سجاد لون کو شکست دینے والے انجینئر رشید کو پارلیمنٹ میں حلف لینے کے معاملے میں ’این آئی اے‘ نے رضامندی ظاہر کی ہے۔ این آئی اے نے آزاد امیدوار عبدالرشید شیخ المعروف انجینئر رشید کو پانچ جولائی کو پارلیمنٹ میں حلف لینے کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ تاہم این آئی اے نے مشروط اجازت دی ہے۔ این آئی اے کا کہنا ہے کہ رضامندی کچھ ضوابط کے ساتھ مشروط ہے، جس میں میڈیا کے ساتھ بات چیت نہ کرنا بھی شامل ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ 2 جولائی کو اس بارے میں حکم جاری کرے گا۔ یاد رہے کہ انجینئر رشید نے بطور رکن پارلیمنٹ حلف لینے کے لئے عبوری ضمانت یا حراست میں پیرول کی درخواست کی ہے۔

کورٹ نے اس معاملے میں این آئی اے سے اپنے اعتراضات جمع کرنے کا کہا تھا جنہوں نے کم از کم دو مرتبہ کورٹ سے وقت مانگا۔ اب اس معاملے میں این آئی اے کی جانب سے مشروط رضامندی ظاہر کیے جانے سے امکان ہے کہ انجینئر رشید پارلیمنٹ میں حلف لیں گے۔ یاد رہے کہ پارلیمانی انتخابات 2024ء میں انجینئر رشید نے شمالی کشمیر کی بارہمولہ نشست پر جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلٰی عمر عبداللہ کو دو لاکھ سے بھی زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔ انجینئر رشید کو 2019ء میں این آئی اے نے گرفتار کیا تھا اور اس وقت بھی وہ تہاڑ جیل میں ہی بند ہیں۔ انجینئر رشید نے جیل سے ہی بارہمولہ نشست کے لئے بحیثیت آزاد امیدوار الیکشن میں شرکت کی اور انہوں نے قریب پونے پانچ لاکھ ووٹ لیکر عمر عبداللہ سمیت سجاد غنی لون کو بھی شکست دی۔ واضح رہے کہ انجینئر رشید ضلع کپوارہ کی لنگیٹ اسمبلی نشست کی دو مرتبہ نمائندگی کر چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1145008
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش