0
Wednesday 3 Jul 2024 18:14

باجوڑ، ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 3 افراد جاں بحق

باجوڑ، ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 3 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ کے پی پولیس کے مطابق سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی کو تحصیل ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں نشانہ بنایا گیا اور دھماکہ سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد میں ملک عرفان آف نیاگ بانڈہ اور نظر دین آف ناوگئی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ سابق سینیٹر ہدایت اللہ خیبرپختونخوا کے سابق گورنر شوکت اللہ کے بھائی اور سابق رکن قومی اسمبلی حاجی بسم اللہ خان کے بیٹے تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ اور دیگر افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ آصف علی زرداری نے جاں بحق افراد کے ورثا کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا اور دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر اعلی خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور نے بھی باجوڑ میں دہشت گردی کے واقعے میں سابق سینیٹر سمیت 3 افراد کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی اور پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔ وزیراعلیٰ کے پی نے پولیس کو واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
خبر کا کوڈ : 1145493
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش