0
Monday 1 Jul 2024 20:17

شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل نے بجٹ کتاب کو صحیح نہیں پڑھا، عطا تارڑ

شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل نے بجٹ کتاب کو صحیح نہیں پڑھا، عطا تارڑ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم بنوایا، سیاسی جماعت بنانا سب کا حق ہے لیکن حقائق کو مسخ نہیں کرنا چاہئے، شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل (ن) لیگ کی ہر حکومت کا حصہ رہے۔ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس کے ردِ عمل میں عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اخراجات کم کر کے دکھائے ہیں، حکومت باتیں نہیں عملی اقدامات کر رہی ہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ 500 ارب ڈویلپمنٹ سکیموں کو دینے والی بات غلط ہے، شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل کے لیے عرض ہے 500 ارب ارکان اسمبلی کو نہیں دیئے، کابینہ کے اراکین تنخواہ لے رہےہیں نہ مراعات، شاہد خاقان عباسی کی اپنی ایئرلائن ہے ان کو پی آئی اے کا ذکر نہیں کرنا چاہئے تھا، نجکاری کے عمل میں تیزی آئی ہے۔


انہوں نے کہا کہ شاید شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل نے بجٹ کتاب کو صحیح نہیں پڑھا، حکومت کے اخراجات میں کمی کی ایک مثال پی ڈبلیوڈی کی تحلیل ہے، پی ڈبلیو ڈی کرپشن کا ذریعہ تھا، پی ڈبلیو ڈی کا محکمہ بند ہوگیا، حکومت نے کوشش کی کم سے کم ٹیکس لاگو کیا جائے، وزیراعظم کی ذاتی کاوش سے سولرپینل، پنشنرز کی انکم پر کوئی ٹیکس نہیں لگا۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف تنخواہ، مراعات نہیں لے رہے، شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل ہمارے بھائی ہیں، ہمارے سابق ساتھیوں نے غلط اعداد و شمار پیش کیے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ ایک لاکھ تنخواہ لینے والے پر 1200 ٹیکس لگایا گیا، سٹاک ایکسچینج کے نئے ریکارڈ بننا اس بات کی دلیل ہے کہ بجٹ مثبت قدم ہے، معیشت کی بحالی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا، ہمیں امید ہے یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ مہنگائی 38 فیصد سے 11 فیصد پر آئی ہے، 30 ہزار ریٹیلرز کی رجسٹریشن خوش آئند قدم ہے، اب نان فائلر سے فائلر بننا پڑے گا، ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں سب کو ٹیکس دینا ہو گا، اسلام آباد کے بڑے بڑے گھر، فارم ہاؤس پر ٹیکس لگایا گیا ہے، کچھ ٹیکسز اشرافیہ پر لگائے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں معیشت کی بہتری ہوگی، آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھی ہے، ہمارے دو دوستوں کی خدمت میں گزارش ہے جو اچھی چیزیں ہیں ان کو سراہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کیا آپ کوایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن یا سیلری بڑھانے پر اعتراض ہے؟ کیا آپ کو مہنگائی کم ہونے پر اعتراض ہے؟۔ عطا تارڑ نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، ڈیفالٹ کے دہانے سے بچا کر ملکی معیشت کو بہتری کی جانب لے کر آئے ہیں، بانی پی ٹی آئی دور میں زرمبادلہ کے ذخائر 15 دن کے تھے، نوازشریف، شہباز شریف نے ہمیشہ وضع داری کا مظاہرہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 1145030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش