0
Monday 1 Jul 2024 20:03

مولانا فضل الرحمان سے سیاسی اتحاد پر سنی اتحاد کونسل کو تحفظات ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

مولانا فضل الرحمان سے سیاسی اتحاد پر سنی اتحاد کونسل کو تحفظات ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔ 40 سال میں عوام کے حالات نہیں شریف خاندان کے حالات ضرور بدل گئے ہیں، غریب عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار کر دی گئی ہے۔ شہباز شریف بتائیں انہوں نے اب تک عوام کیلئے کوئی بہتر اقدام کیا ہے؟۔ سانحہ داتا دربار کے مجرمان قانون کی گرفت سے آج بھی دور ہیں۔ یکم جولائی کو داتا دربار پر حملے مسلم لیگ ن کی نالائق حکومت کی وجہ سے ہوئے۔ مولانا فضل الرحمان سے سیاسی اتحاد کا فیصلہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت نے کرنا ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے سیاسی اتحاد پر سنی اتحاد کونسل کو تحفظات ہیں اور رہیں گے۔ سنی اتحاد کونسل اسلام آباد کیلئے سیاست نہیں کرتی۔ سنی اتحاد کونسل میں اقتدار کی سیاست کا کوئی جواز نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے ممبر صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیاسی جماعتوں میں رابطوں کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، مگر نظریاتی طور پر اختلاف ہونا ایک الگ بات ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملک بھر جلسے اور کنونشنز کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عوامی شعور کی بیداری اور 8 فروری کے انتخابات میں منظم دھاندلی کے خلاف اقدامات کریں گے۔ نوجوان بیروزگاری سے پریشان اور حکمران کرپشن کرکے خوشحال ہو رہے ہیں۔ بلوچستان اور کے پی کے کی عوام سے امتیازی سلوک بند کیا جائے۔ گندم کی وسیع مقدار موجود ہونے کے باوجود حکومتی سرپرستی والے ذخیرہ اندوزوں نے گندم کے بحران کی سازش تیار کی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے غریب آدمی کا چولہا ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ اقتدار میں آ کر غریب آدمی کیلئے ہنگامی اقدامات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1145021
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش