0
Saturday 22 Jun 2024 19:24

تعلیم کیلئے مختص بجٹ مسائل کے حل کیلئے ناکافی ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی

تعلیم کیلئے مختص بجٹ مسائل کے حل کیلئے ناکافی ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی
اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی بلوچستان یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، شاہ علی بگٹی،نذیر احمد لہڑی، فریدخان اچکزئی، نعمت اللہ کاکڑ، گل جان کاکڑ اور دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں حکومت بلوچستان کی جانب سے پیش کردہ بجٹ میں صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کے لئے 5 ارب روپے مختص کرنے کو گو کہ ایک مثبت قدم قرار دیا لیکن اس سے یونیورسٹی آف بلوچستان سمیت دیگر یونیورسٹیوں کو درپیش سخت مالی بحران کی مستقل خاتمے کیلئے ناکافی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزیر خزانہ، وزیر تعلیم و پی اینڈ ڈی سے پرزور مطالبہ کیا کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹیوں کی بجٹ میں کم از کم دس ارب روپے تک کا اضافہ کریں۔ اور انڈونمنٹ فنڈز کے لئے پانچ ارب روپے مختص کریں۔ انہوں نے اپنے بیان میں وفاقی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 8 سالوں سے ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے لئے صرف 65 ارب روپے مختص کرتی آرہی ہیں جبکہ حقیقت میں گذشتہ آٹھ سالوں سے تنخواہوں اور پنشنز میں کئی سو گنا اضافہ ہوا اور 2018 میں ٹوٹل وفاقی بجٹ صرف پانچ ہزار ارب روپے تھا جبکہ آج 2024 میں اٹھارہ ہزار ارب روپے ہے لیکن بدقسمتی سے آج بھی ملک کی یونیورسٹیوں کے لئے بجٹ وہی 65 ارب روپے ہے جو تعلیم دشمنی کے مترادف ہے۔ بیان میں وفاقی حکومت کی جانب سے یونیورسٹی اساتذہ اور محققین کو ٹیکس پر حاصل 25 فیصد استشنی کے خاتمے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس چھوٹ کے خاتمے کے بعد یونیورسٹی اساتذہ اور محققین مزید مالی بحران کا شکار ہو جائیں گے اور مطالبہ کیا کہ اساتذہ اور محققین کے لئے 75 فیصد ٹیکس چھوٹ کو بحال کیا جائے۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے جامعہ بلوچستان سمیت دیگر جامعات کو درپیش سخت مالی بحران کے مستقل حل پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت اپنے سالانہ بجٹ کے آغاز ہی میں جامعہ بلوچستان سمیت دیگر جامعات کے لئے کم از کم دس ارب روپے اور انڈونمنٹ فنڈز کے لئے پانچ ارب روپے مختص کریں تاکہ پھر بار بار احتجاج کی نوبت پیش نہ آئے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے لئے بجٹ میں 500 ارب روپے تک اضافہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 1143187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش