0
Saturday 29 Jun 2024 13:34

پشاور، طویل بجلی لوڈشیڈنگ کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

پشاور، طویل بجلی لوڈشیڈنگ کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر اور صوبہ کے دوسرے اضلاع کی طرح پشاور میں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف واپڈ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس کی قیادت جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، قائم مقام امیر جماعت اسلامی پشاور حمد اللہ جان اور سابق صوبائی وزیر حاٖفظ حشمت خان کر رہے تھے۔ مظاہرین نے واپڈا ہاؤس کے باہر واپڈا کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جس پر واپڈا کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا کہ خیبر پختونخوا وہ واحد صوبہ جہاں بجلی کی پیدوار بھی زیادہ ہے اور بجلی سستی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آٹھ ہزار میگا واٹ سے زیادہ بجلی پید اکرتے ہیں جبکہ ہماری ضرورت 25 سو میگا واٹ ہے، جس پر ایک روپے سے تین روپے یونٹ لاگت آتی ہے۔ اگر ہمیں اپنی پیداکردہ بجلی بھی مل جائے تو ایک سیکنڈ کے لیے لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ خیبر پختونخوا میں ہے، جس کی وجہ سے کارخانے بند پڑے ہیں، بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے، جس سے نوجوان نشہ کی لعنت میں پڑ چکے ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑنے کے لیے سڑکوں پر نکل چکی ہے۔ ہم عوام کے حقوق کی یہ جنگ جاری رکھیں گے۔ ہم خیبر پختونخوا میں مزید لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں 16 گھنٹے اور شہری علاقوں میں 8 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو جینا دو بھر کر دیا ہے۔ لوگوں کے روزگار ختم ہو کر رہے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کا حق دلا کر رہیں گے اور اگر مسئلہ حل نہیں ہوا تو وزیراعلیٰ ہاؤس گورنر ہاؤس کا گھراؤ بھی کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو اسلام آباد بھی جائیں گے۔ جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے سے قائم مقام امیر جماعت اسلامی پشاور حمد اللہ جان، سابق صوبائی وزیر اور این اے 28 کے امیر حافظ حشمت خان اور سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی  افتخار احمد نے بھی خطاب کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 1144545
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش