0
Saturday 29 Jun 2024 14:14

وطن اور اسلام دشمن قوتیں ہمیشہ سرگرداں رہتی ہیں لیکن ہم نے اتحاد ووحدت سے ناکام بنانا ہے، علامہ علی رضا نقوی 

وطن اور اسلام دشمن قوتیں ہمیشہ سرگرداں رہتی ہیں لیکن ہم نے اتحاد ووحدت سے ناکام بنانا ہے، علامہ علی رضا نقوی 
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علما کونسل کے مرکزی رہنما علامہ سید علی رضا نقوی نے کہا ہے کہ اتحاد وحدت اور بھائی چارے کے لیے حسینیت کے پیغام کو عام کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے، اہلیبیت اطہار نے اپنے رفقائے کار کے ساتھ لازوال قربانیوں سے دین اسلام کی اصل اقدار کو محفوظ کر دیا تاکہ آئندہ آنے والی نسلوں کو اسلام کا حقیقی تشخص تاقیامت ملتا رہے، وطن اور اسلام دشمن قوتیں ہمیشہ سرگرداں رہتی ہیں لیکن ہم اتحاد وحدت کے ذریعے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیعہ علما کونسل کے زیر اہتمام ملتان پریس کلب میں استقبال محرم الحرام کے سلسلہ میں بعنوان اتحاد وحدت رواداری سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما محمد ایوب مغل نے کہا کہ ہر ظالم و جابر کے سامنے کلمہ حق کہنا کربلا میں اسلام کا ایک آفاقی پیغام ہے اور شہید کربلا دنیا بھر کے مظلوموں کے قافلہ کے سالار ہیں، مظلوم فلسطینیوں کے لئے بالخصوص عرب حکمرانوں کا آواز نہ اٹھانا افسوس ناک عمل ہے جہاں پر روزانہ سینکڑوں بے گناہ نوجوان خواتین بچے شہید ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

سیمینار سے علامہ کاشف ظہور نقوی، علامہ شاہد نذیر، علامہ اقتدار نقوی، راو محمد عارف رضوی، رکن الدین حامدی، مظہر جاوید سیال، بشارت عباس قریشی، محمد عباس، سلیم عباس صدیقی نے بھی خطاب کیا جبکہ سیمینار میں مولانا علی رضا نجفی، سید مصور نقوی، فدا گھلوی، مجاہد حسین، سید انیس حیدر نقوی، رانا منیر، چوہدری صغیر اعوان، مشتاق حسین، الطاف حسین، مولانا جعفر حسین، صابر حسین خان سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ ماہ محرم الحرام کی آمد آمد ہے تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علما ئے کرام، مشائخ عظام، خطباء محراب و منبر سے اتحاد، وحدت، رواداری، بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں تاکہ اسلام و پاکستان دشمن قوتیں اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہو سکیں۔ سیمینار کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی طور پر یادداشت پیش کی گئی کہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کیا جائے جبکہ اس موقع پر علامہ سید علی رضا نقوی،محمد ایوب مغل نے ملک و قوم کی سلامتی ترقی خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی طور پر دعا کرائی۔
خبر کا کوڈ : 1144544
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش