1
0
Thursday 20 Sep 2012 19:20

شہید ناموس رسالت (ص) سید علی رضا تقوی (رہ) کے سوئم کے موقع پر تعزیتی جلسہ کا انعقاد

شہید ناموس رسالت (ص) سید علی رضا تقوی (رہ) کے سوئم کے موقع پر تعزیتی جلسہ کا انعقاد
حضرت محمد مصطفیٰ (ص) اور حضرت خدیجہ الکبریٰ کی شان میں بننے والی گستاخانہ اور توہین آمیز فلم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کی جانب سے لبیک یارسول اللہ ریلی نمائش چورنگی سے امریکی قونصلیٹ تک نکالی گئی۔ اس ریلی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے امریکی قونصلیٹ پر پہنچنے میں کامیابی حاصل کی اور قونصلیٹ پر لگا امریکی پرچم اتار کر نذر آتش کیا اور لبیک یا رسول اللہ (ص) کا پرچم نصب کیا۔ اس موقع پر قونصلیٹ کے اندر موجود پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن ڈسٹرکٹ ایسٹ کے سیکرٹری اطلاعات سید علی رضا تقوی (رہ) نے جام شہادت نوش کیا اور اس عالم فانی سے بارگاہ رسول اللہ (ص) کی جانب روانہ ہوئے۔ شہید علی رضا تقوی(رہ) کی یاد کو تازہ کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے خانوادہ کی جانب سے شہید کے سوئم کے موقع پر امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی میں تعزیتی جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔

تعزیتی جلسہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی، مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ ابوذر مہدوی، پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عسکری، صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی، رکن شوریٰ عالی مولانا حیدر عباس عابدی، لاہور کے ڈویژنل سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی، رکن شوریٰ نظارت اور ملی یکجہتی کونسل کے رہنما مولانا مرزا یوسف حسین، چیئرمین شوریٰ عالی و ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کے صدر مولانا شیخ محمد حسن صلاح الدین، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ عقیل انجم اور مولانا شوکت مغل، جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا شہنشاہ حسین نقوی، آئی ایس او کراچی کے صدر منہال رضوی اور کراچی بھر کی ملی تنظیموں کے ذمہ داران، علمائے کرام، ذاکرین عظام اور تنظیمی احباب کے علاوہ بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔

اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ ابوذر مہدوی اور شہید سید علی رضا تقوی ؒ کے بھائی اور ایم ڈبلیو ایم کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا صادق رضا تقوی نے شرکاء سے خطاب کیا۔ سلام و منقبت پروفیسر سبط جعفر، شجاع رضوی، شادمان رضا اور ہاشم رضا نے پیش کی، جبکہ نظامت کے فرائض برادر مبشر حیدر نے انجام دیئے۔ تعزیتی جلسہ میں کراچی شہر میں ہڑتال کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت نے اس بات کو ثابت کر دیا کہ ناموس رسالت (ص) کے لئے دی جانے والی شہید سید علی رضا تقوی کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور شمع رسالت (ص) کے پروانے رسول اللہ (ص) کی حرمت کے تحفظ کے لئے مزید جانیں دینے کے لئے تیار ہیں۔

جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید سید علی رضا تقوی (رہ) نے اپنی شہادت سے یہ ثبوت دیا کہ اس کی شہادت کو بھی رضائے علی (ع) حاصل ہے، شہید نے اپنی شہادت سے دراصل یہ پیغام دیا ہے کہ موت تو کسی کو بھی کسی بھی لمحہ آسکتی ہے، لیکن ناموس رسالت (ص) پر فدا ہونا عزت کی موت کا باعث ہے۔ آج ہم سب یہاں شہید کی یاد تازہ کر رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شہید ہمارے دلوں میں اب بھی موجود ہے اور جب تک شمع رسالت کے پروانے زندہ ہیں، شہید سید علی رضا تقوی (رہ) کا نام زندہ رہے گا۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ ابوذر مہدوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید علی رضا تقوی (رہ) کا عصر حاضر کے خیبر (امریکی قونصلیٹ) کے باہر جام شہادت نوش کرنا دراصل اس بات کا پیغام ہے کہ فاتح خیبر (ع) کے ماننے والے اپنے امام علی (ع) کی طرح رسول اللہ (ص) کی ناموس کی حفاظت کے لئے میدان میں اترے ہیں اور انشاءاللہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک امریکہ کو پاکستان کی سرحدوں سے نکال باہر نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے شیعہ و سنی مل کر امریکہ کے خلاف میدان میں اتریں اور اپنے وطن کو اس کے ناپاک شکنجے سے آزاد کرائیں۔

شہید سید علی رضا تقوی (رہ) کے بھائی اور ایم ڈبلیو ایم کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا صادق رضا تقوی نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ جس نے ہمارے خاندان کو اس اعزاز سے نوازا، شہید علی رضا تقوی (رہ) کی شہادت نے ملت جعفریہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، شہید نے میدان میں حاضر رہتے ہوئے شعوری شہادت کی طرف اپنا قدم بڑھایا اور خدا نے اسے ایسا عظیم انعام عطا کیا ہے ہم سب آج علی رضا تقوی (رہ) کو شہید ناموس رسالت کے نام سے یاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی رضا تقوی (رہ) کی شہادت نے شیعہ اور سنی اور قریب کیا ہے کہ آج شہید کے سوئم میں سنی علماء اور افراد بھی موجود ہیں، یہ دراصل اس بات کا اعلان ہے کہ علی رضا تقوی (رہ) نے اپنا خون دے کر امریکہ اور اسرائیل کے شیعہ و سنی میں تفرقہ ڈالنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 197115
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Iran, Islamic Republic of
yeh haqiqi tashayo hy. jo salon bad
nazar ai.
ہماری پیشکش