0
Saturday 29 Jun 2024 16:07

عشرہ ولایت و امامت پر ایم ڈبلیو ایم کے تحت کراچی میں دعائے توسل، محفل میلاد اور غدیری جلوس

عشرہ ولایت و امامت پر ایم ڈبلیو ایم کے تحت کراچی میں دعائے توسل، محفل میلاد اور غدیری جلوس
اسلام ٹائمز۔ دعا کمیٹی صوبائی سکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے تحت ہفتہ وار مرکزی اجتماعی دعائے توسل و محفل میلاد بسلسلہ عشرہ ولایت و امامت اور تکمیل دین و یوم عید غدیر کا عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد محفل شاہ خراسان روڈ پر کیا گیا۔ دعا کی تلاوت کی سعادت مولانا منہال حسین بنگش نے حاصل کی جس میں ماتمی انجمنوں، سماجی، سیاسی، اسکاؤٹس کے نمائندوں کی کثیر تعداد اور مومنین و خواتین نے شرکت کی۔ محفل میں معروف شعرائے کرام، منقبت خواں حضرات نے نذرانہ عقیدت پیش کیا، جن میں فیضان رضا قادری، سید فہیم زیدی، علی حیدر زیدی، عدنان سفی، ظہیر جارچوی، راشد جلالوی، محمد انس، حافظ ایان علی، محمد تقی ایڈوکیٹ، محمد ابراہیم، علی اکبر، جمیل حسن، نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ  نظامت کے فرائض ناصر الحسینی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر مولانا منہال حسین بنگش، آغا سجاد شبیر رضوی نے خطاب کرتے ہوئے تکمیل دین و یوم اعلان ولایت پر روشنی ڈالی  کی۔ دعا و محفل میلاد کے اختتام پر مومنین و مومنات میں جشن کے خوشی میں کیک و مٹھائیاں اور نیاز تقسیم کی گئی۔ آخر میں ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی و ساتھیوں کیلئے اور شہدائے ملت جعفریہ پاکستان و کل مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ 

دریں اثنا اہلیان سولجر بازار اور ملی تنظیموں کی جانب سے عید غدیر، یوم تکمیل دین و ولایت امام علیؑ کی مناسبت سے ہر سال کی طرح اس سال بھی مرکزی غدیری جلوس و جشن کا انعقاد بریٹو روڈ سولجر بازار سے کیا گیا۔ جلوس و جشن میں مومنین و مومنات کی بڑی تعداد شریک تھی، جنہوں نے ہاتھوں میں علیاً ولی اللہ کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ جلوس کی قیادت الخدام اسکائوٹس، صادقین اسکائوٹس اور فاطمیہ گرل گائیڈز نے انجام دی۔ جلوس و جشن کے راستے میں اہلیان سولجر بازار، شہید فاؤنڈیشن، تحریک بیداری امت مصطفیٰؐ، سبیل امام حسینؑ، سفر عشق فاؤنڈیشن اور مومنین کی جانب سے سبیلیں لگائیں گئیں تھی جہاں لائیو پکوان، فرانچ فرائز، سموسے، سینڈویجز، جلیبیاں، گلاب جامن، فالسے اور دودھ کے شربت، کچوریوں، پاپ کارن اور دیگر اشیاء سے شرکائے جلوس کی تواضع کا خاص اہتمام کیا گیا تھا۔ شرکائے جلوس و جشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید سجاد شبیر رضوی، مولانا سید شہروز زیدی، مولانا یاسین مجلسی، ناصر حسینی اور دیگر علمائے کرام نے کہا کہ اعلان غدیر کو نظر انداز کرنا واقعہ کربلا کی بنیاد بنا، غدیر کو شایان شان طریقے سے منانے کی ضرورت ہے، امام علیؑ امام عدل ہیں، امام ؑ کی سیرت پر چلنے کا تقاضا ہے کہ ہم خوشی اور غم کے دنوں میں اپنے فلسطینی بھائیوں کو ہرگز فراموش نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ خطبہ غدیر پر تمام اسلامی مکاتب فکر کا اتفاق موجود ہے تاہم اختلاف معنوں میں ہیں، اس طرح عید غدیر کا دن شیعہ و سنی اتحاد کا مظہر ہے۔ جلوس و جشن میں عدنان سیفی کربلائی، علی جلالوی، بیرسٹر مرتضیٰ اور دیگر نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کئے۔ جلوس  کی صدارت مجلس وحدت مسلمین ضلع شرقی کے عہدیدار رضوان پنجوانی نے کی۔ پروگرام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی شریک تھیں۔ جلوس و جشن کے راستوں میں یوتھ فاؤنڈیشن کے تعاون سے  "عید غدیر مبارک" کی جھنڈیاں لگائیں گئیں تھی۔ دوران جلوس شہدائے ملت جعفریہ اور شہدائے فلسطین کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ جلوس میں رنگ آسمان پر چھوڑے گئے۔ سبیل حسینی کی جانب سے شرکائے جلوس کا استقبال پھول نچھاور کرکے کیا گیا۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا بریٹو روڈ سولجر بازار پر اختتام پذیر ہوا، جہاں وحدت یوتھ کی جانب سے امام زمانہؑ کے حضور مقبول ترانہ "سلام فرماندہ" پیش کیا گیا۔ ترانہ شاہد بلتستانی نے پیش کیا، جس میں بچوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا اور ہاتھوں میں علیاً ولی اللہ کے جھنڈے اٹھائے۔
خبر کا کوڈ : 1144594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش