0
Monday 1 Jul 2024 20:46

اہلسنت کی 30 سے زائد جماعتوں نے آپریشن عزم استحکام کو مقدس اور عظیم جہاد قرار دیتے ہوئے بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کر دیا

اہلسنت کی 30 سے زائد جماعتوں نے آپریشن عزم استحکام کو مقدس اور عظیم جہاد قرار دیتے ہوئے بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ اہلسنت جماعتوں کا مشترکہ اجلاس انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سیکرٹریٹ ایوان خیر لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 30 سے زائد اہلسنت جماعتوں کے قائدین اور ذمہ دارن  نے شرکت کی۔ مشترکہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں 30 سے زائد اہلسنت جماعتوں نے آپریشن عزم استحکام کو مقدس اور عظیم جہاد قرار دیتے ہوئے بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن عزم استحکام کی حمایت ہر پاکستانی پر فرض ہے۔ دہشتگردی کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ آپریشن عزم استحکام کا آغاز کرکے ریاستی اداروں کو فری ہینڈ دیدیا جائے۔ پاکستان کیخلاف اعلان جنگ کرنیوالوں کو بجانے کی کوششیں ملک سے غداری کے مترادف ہیں۔ آپریشن عزم استحکام وقت کا تقاضا، پوری قوم لبیک کہتی ہے۔ دہشتگردی سے اسلام بدنام اور پاکستان کمزور ہوا ہے۔ دہشتگردی کی آگ کو بجھانے کیلئے تمام طبقات اپنا اپنا کردار ادا کریں، آپریشن عزم استحکام ملکی دفاع اور قوم کی بقاء کی جنگ ہے۔


انہوں نے کہا کہ آپریشن عزم استحکام سے ملک میں امن آئے گا۔ سیاستدان ریاستی اداروں کیخلاف عوام کو بھڑکانا بند کریں اور سیاست حدود و قیود میں رہ کر کریں۔ عزم استحکام آپریشن پر پارلیمنٹ میں اوپن بحث کی بجائے، ان کیمرہ بریفننگ ہونی چاہیے دہشتگردوں کے سیاسی اور مذہبی سرپرستوں کو ریاستی گرفت میں لیا جائے۔ حکومت دہشتگردی کیخلاف جراتمندانہ اور فیصلہ کن قدم اٹھائے۔ محب وطن اہلسنت آخری دہشتگرد کے خاتمے تک پاک فوج کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے ملکی سلامتی شدید خطرہ میں پڑ چکی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سیاستدان سیاست کی بجائے ریاست کی فکر کریں۔ ملک محاذ آرائی کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اپوزیشن قومی ایجنڈے آپریشن عزم استحکام پر حکومت اور ریاستی داروں کا ساتھ دے۔ پاک فوج دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام ناحق قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام انسانی جان کی حرمت کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ اسلام کے نام پہ ہونیوالی دہشتگردی سے قوم کو نجات دلائی جائے۔ دہشتگرد فساد فی الارض کے قومی مجرم ہیں۔ قوم دہشتگردی کیخلاف متحد اور یکسو ہے۔ وطن عزیز اندرونی اور بیرونی سازشوں کی زد میں ہے۔ دشمن قوتیں غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ ان نازک قومی حالات میں استحکام وطن کیلئے پوری قوم پاک فوج کی پشت پہ کھڑی ہے۔ پاکستانی قوم اپنے وطن کی سالمیت، استحکام اور تحفظ کیلئے متحد ہے۔ حکومت دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں، ان کو پناہ دینے اور ان کی ذہن سازی کرنیوالوں کا سراغ لگا کر انہیں نشان عبرت بنائیں۔

اجلاس میں انجمنِ طلبہ اسلام،مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان، جماعت اہلسنت پاکستان، پاکستان سنی تحریک، مصطفائی تحریک پاکستان، بزم ہمدم پاکستان، جمعیت علماء پاکستان، پاکستان فلاح پارٹی، شیران اسلام، انجمن شعور اسلام، پاسبان حقوق اہلسنت، تحفظ ناموس رسالت، انجمن فدایان مصطفی، بزم فروغِ اسلام، میلاد کونسل پاکستان، جانثاران ختم نبوت، نظام مصطفی پارٹی، نیشنل مشائخ کونسل، محافظان نظریہ پاکستان، سنی یوتھ فورس، مصطفائی جسٹس فورم سمیت 30 سے زائد اہل سنت جماعتوں کے عہدیداران اور ذمہ دارن نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1145035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش