0
Sunday 23 Jun 2013 11:57

مقام افسوس ہے کہ وزیراعلٰی کے پاس زخمیوں کی عیادت کیلئے بھی وقت نہیں، علامہ عارف واحدی

مقام افسوس ہے کہ وزیراعلٰی کے پاس زخمیوں کی عیادت کیلئے بھی وقت نہیں، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے پشاور دھماکے پر صوبائی حکومت کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جامع مسجد و مدرسہ شہید عارف حسین الحسینی پر حملے کے ملزمان کی گرفتاری میں تاحال کسی قسم کی پیش رفت نہ ہونے کی مذمت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ عارف حسین واحدی نے پشاور میں مدرسہ سید عارف حسین الحسینی کے دورے کے دروان صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، ایس یو سی خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر، ایس یو سی ضلع پشاور کے صدر مجاہد علی اکبر اور ضلع ہنگو کے صدر علامہ حمید امامی بھی موجود تھے۔
 
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ایک ماہ میں پشاور کی ملتِ جعفریہ کے خلاف صوبائی دارالحکومت پشاور میں یہ دوسرا بڑا سانحہ ہے، مگر صوبائی حکومت کو اپنی عوام کو تحفظ دینا تو درکنار دہشت گردی سے متاثرہ عوام کے غم میں شریک ہونے کی بھی توفیق حاصل نہیں ہوئی۔ اُنہوں نے کہا کہ مقام افسوس ہے کہ عدل و انصاف کے بلند و بانگ دعوے کرنے والی حکومت کے وزیراعلٰی کے پاس دیگر واقعات کی نسبت ہمارے شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کی عیادت کے لیے بھی وقت نہیں ہے، نہ تو اُنہوں نے دہشت گردی سے متاثرہ مدرسے کا دورہ کیا اور نہ ہی انہوں نے اس سانحہ میں شہداء کے ورثاء سے تعزیت کی بلکہ ہسپتال کے دورے میں دوسرے واقعات کے زخمیوں کی تو عیادت کی مگر وہاں موجود ہمارے زخمیوں کی عیادت تک نہیں کی، جس سے اس حکومت کے دوہرے معیار کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔

صحافیوں کے مختلف سوالوں کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں حکومت کی تبدیلی سے امن وامان کے حوالے سے کوئی خاص فرق نہیں پڑا، کیونکہ جب تک دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اور بے رحم آپریشن نہیں کیا جاتا اور قانون و آئین کے باغی اور انسانیت کے دشمنوں کو جب تک سزاء نہیں دی جاتی، تب تک امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنا عبث ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کو سزاء دینے کے بجائے اُن سے مذاکرات کی پینگیں بڑھانے کی پالیسیاں سابقہ حکومت کی طرح صرف اپنے اقتدار کو طول دینے کے علاوہ اور کچھ نہیں۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دوہرے معیار کو ترک کرتے ہوئے عدل و انصاف کے تحت صوبہ خیبرپختونخوا کی عوام کو تحفظ فراہم کرے اور مدرسہ عارف حسین الحسینی اور امامیہ کالونی کے ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرکے اُنکو کیفر کردار تک پہنچائے۔
 
بعدازاں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے وفد نے قائدِ شہید علامہ عارف حسین الحسنی کے صاحبزادے سید محمد حسینی سے بھی اُنکی رہائش گاہ پر ملاقات کرکے اُنکے بھتیجے اور قائد شہید کے پوتے سید محمد مہدی الحسینی کی شہادت پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ سید محمد الحسینی کے دو زخمی صاحبزادوں کی بھی عیادت کی۔ درین اثناء شیعہ علماء کونسل پاکستان کے وفد نے سانحہ پشاور کے دیگر شہداء کے گھروں پر جا کر ورثاء سے بھی تعزیت کی۔
خبر کا کوڈ : 275972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش