0
Wednesday 3 Jul 2024 11:17

پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، شبیر احمد عثمانی

پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، شبیر احمد عثمانی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں حریت رہنمائوں پر مشتمل ایک وفد نے  اسلام آباد میں کشمیر کے بارے میں وزیراعظم پاکستان کے مشیر شبیر احمد عثمانی سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق شبیر احمد عثمانی نے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور گھنائونے جرائم کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کر رہا ہے اور غیر کشمیریوں کو علاقے میں آباد کرنے کیلئے تقریبا 45لاکھ ڈومیسائل جاری کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی زمین غیر کشمیریوں کو فروخت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کاروائیاں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے اور جینوسائیڈ واچ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر نسل کشی کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں پر ابھی تک عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔

حریت قیادت نے شبیر احمد عثمانی کو بتایا کہ قابض بھارتی فورسز اب تک 6 لاکھ کشمیریوں کو شہید کر چکی ہیں اور ہزاروں گھروں کو نذرآتش کیا گیا ہے۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو 10لاکھ بھارتی فوجیوں نے یرغمال بنا رکھا ہے اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیاں فوجی محاصرے اور پابندیوں سے سلب کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت کو جیلوں میں ڈالنا، ماورائے عدالت قتل، گرفتاریاں اور کشمیری نوجوانوں پر تشدد ایک معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی شناخت مٹانے اور ثقافت کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ تاہم حریت قیادت نے بتایا کہ  بھارت کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ وفد میں غلام محمد صفی، محمود احمد ساغر، ایڈوکیٹ پرویز احمد، سید اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، جاوید اقبال بٹ، منظور احمد ڈار، زاہد اشرف اور امتیاز وانی شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 1145416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش