0
Saturday 27 Apr 2024 08:35

مظفر آباد، بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

مظفر آباد، بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے راجوری، پونچھ اور بانڈی پورہ اضلاع میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے 100 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاریوں کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور انہوں نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و تشدد کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے "بھارتی دہشت گردی نامنظور، کشمیری قیدیوں کو رہا کرو، جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے” جیسے نعرے بلند کئے۔مظاہرے سے پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، حریت رہنما مشتاق الاسلام، سیکرٹری جنرل بار کونسل سید عبدالصمد، جماعت اسلامی کے رہنما خالد محمود زیدی، عثمان علی ہاشم، محمد اقبال میر، محمد اسلم انقلابی  اور دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ بھارتی قابض فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے بانڈی پورہ اور راجوری اضلاع میں جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران  100 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ضلع راجوری کے علاقے شاہدرہ سے کم سے کم 70 سے زائد غیر قانونی گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی بھارتی حکومت جموں و کشمیر کے مسلم تشخص کو تبدیل کرنے کیلئے نہتے کشمیریوں کو بدترین مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے۔ مقررین نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ اور دیگر سے اپیل کی کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربند بے گناہ کشمیریوں کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 1131409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش