0
Thursday 2 May 2024 10:16

محنت کش کی کم از کم اجرت اور تنخواہ کا تعین مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے، سردار عتیق

محنت کش کی کم از کم اجرت اور تنخواہ کا تعین مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے، سردار عتیق
اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کے اندر رسول خدا (ص) کے فرمودات کے مطابق قومی لیبر پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے، سرکاری اور نجی اداروں میں یومیہ اجرت کا خاتمہ کر کے تمام آسامیوں پر مستقل ملازمت دی جانی چاہیے، محنت کش کی کم از کم اجرت اور تنخواہ کا تعین مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے، ہمارا مذہب اس طبقے کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، مزدوروں اور محنت کش طبقے کے حقوق کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے، ملک کی تعمیر و ترقی محنت کش طبقے کی انتھک محنت کی مرہون منت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدینہ منورہ میں کام کرنے والی کشمیری کمیونٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر سے ہزاروں کی تعداد میں افراد عرب امارات سمیت دنیا بھر میں روزگار کما رہے ہیں اور اپنے پیاروں سے دور ہیں ہم ان کے دکھ درد کو سمجھتے ہیں وہ بھی اپنے خاندان کو یاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث آج مزدور بیرون ملک سفر کر رہا ہے، مزدور طبقہ موجودہ مہنگائی کے دور میں پس کر رہ گیا ہے، فیکٹریوں، ملوں اور کاروباری اداروں کے تمام مزدوروں کی رجسٹریشن کر کے لیبر ویلفیئر کارڈ کا اجرا کیا جائے تاکہ کوئی بھی مزدور اپنے قانونی اور مالی حقوق سے محروم نہ رہے، انہیں بچوں کی تعلیم،علاج اور بڑھاپا الائونس دیا جائے، ملک میں جب تک مزدور طبقہ خوشحال نہیں ہو گا اس وقت تک ملک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔ 

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے مزدور طبقہ کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، لوگوں کو جسم کا روح سے رشتہ برقرار رکھنا بھی مشکل ترین مرحلہ بن چکا ہے، تنخواہ دار طبقہ بجلی کا بل دیتا ہے تو بچوں کو پڑھا نہیں سکتا، گیس کا بل دیتا ہے تو گھر کا خرچہ چلانا اس کے لیے ممکن نہیں ہوتا، بچوں کی فیس دیتا ہے تو پھر روزی روٹی کیسے چلائے بدترین صورتحال ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم مئی محض ایک چھٹی منانے اور بیانات دینے کی رسم بن گئی ہے، مزدوروں کی مراعات اور سہولیات کا کوئی خیال نہیں کیا جاتا، ریاست کو چاہیے مزدور طبقے کی فلاح کے لیے عملی ٹھوس اقدام کرے۔
خبر کا کوڈ : 1132421
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش