0
Wednesday 25 Jan 2023 00:08

آئی ایم ایف کو گیس کی قیمت اور پیٹرولیم لیوی بڑھانے کی یقین دہانی

آئی ایم ایف کو گیس کی قیمت اور پیٹرولیم لیوی بڑھانے کی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات ہوئے، جس میں حکومت نے آئی ایم ایف کو پیٹرولیم لیوی اور گیس کی قیمت بڑھانے سمیت ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کی یقین دہانی کرا دی، جبکہ آئی ایم ایف نے بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آئی ایم ایف جائزہ مشن کے ساتھ ہونے والے  ورچوئل مذاکرات میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ نے کی جبکہ آئی ایف ٹیم کی سربراہی جائزہ مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر کر رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو سیلاب سے متعلقہ منصوبوں پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات میں اہم پیش رفت کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ اگلے اقتصادی جائزہ کی تکمیل اور پروگرام ٹریک پر لانے کے لیے فیزیکل مذاکرات کا شیڈول طے پانے کے امکانات ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ رواں ہفتے آئی ایم ایف سے شیڈول بارے اہم پیش رفت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں آئی ایم ایف کو ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال اور اقتصادی اعشاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں رواں مالی سال کیلئے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کیلئے زیر غور ریونیو اقدامات اور توانائی کے شعبے میں متوقع اہم فیصلوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف حکام کو گیس کی قیمتوں میں جلد اضافے کے متوقع فیصلے سے بھی آگاہ کیا، وفد نے بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ یکم جولائی 2022ء سے ہوگا، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری جلد ہی کابینہ دے گی، ساتھ ہی گیس کے شعبے کا گردشی قرضہ بھی ختم کیا جا رہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھی مرحلہ وار بڑھائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ پاکستان روپے کی قدر میں کمی کو مصنوعی طریقے سے نہ روکے، بجلی پر سبسڈی بھی ختم کی جائے، ٹیکس کا جی ڈی پی تناسب بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، مختلف شعبوں کو دیئے گئے استثنیٰ بھی ختم کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 1037478
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش