0
Wednesday 11 Jan 2017 23:54

ڈی آئی خان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، یاسر آفریدی

ڈی آئی خان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، یاسر آفریدی
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر یاسر آفریدی نے کہا ہے کہ پولیس اپنی جان پر کھیل کر عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی، فرقہ واریت اور دہشتگردی ایک ناسور ہے، جس نے ملک کی بنیادیں کھوکلی کر دیں ہیں، لیکن ہم سب نے مل کر اسے ختم کرنا ہے، وہ پولیس لائن ڈی آئی خان میں پرامن محرم الحرام و چہلم کے اختتام پر اہل تشیع اور معززین شہر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ضلعی ناظم اعلٰی عزیز اللہ علیزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمر جاوید، حلیم قصوریہ، محمد حنیف پیپا، مولانا رمضان توقیر، فیاض بخاری، مولانا غضنفر سمیت دیگر معززین اہل تشیع و متولی تھلہ جات نے شرکت کی، اجلاس میں مولانا حماد اللہ فاروقی اور شرافت حسین پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی، ڈی پی او ڈیرہ یاسر آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپکو محرم الحرام اور چہلم کے پر امن گزرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، کیونکہ آپ سب لوگ حقیقی مبارکباد کے مستحق ہیں، جن کے تعاون سے یہ سب ممکن ہو پایا ہے۔ ہم آئندہ بھی آپکے اسی تعاون کے منتظر ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، یہ صرف فرقہ واریت پھیلانے کیلئے کیا جاتا ہے ان شاء اللہ ڈیرہ میں فرقہ واریت اور دہشتگردی کے ناسور کو ہم سب مل کر ختم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کے حوصلے بلند ہیں، ہم شب و روز آپ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے جان پر کھیل کر اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ آخر میں ڈی پی او ڈیرہ نے ڈسٹرکٹ پولیس کی طرف سے تمام شرکاء میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ پرامن محرم الحرام اور چہلم کے انعقاد پر تمام پولیس فورس، پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں بہترین انتظامیہ ملی ہے، ان شاء اللہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہمارا تعاون اسی طرح جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 599284
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش