0
Monday 6 May 2024 08:36

شہید اشرف صحرائی کی برسی، مظفر آباد میں ریلی کا اہتمام

شہید اشرف صحرائی کی برسی، مظفر آباد میں ریلی کا اہتمام
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شہید محمد اشرف خان صحرائی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیراہتمام مظفر آباد میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر درج تحریروں میں شہید اشرف صحرائی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے آزادی کشمیر، شہدائے کشمیر اور اشرف صحرائی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ مقررین نے شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد اشرف خان صحرائی نے پوری زندگی کشمیر کی آزادی، دین اسلام کی تبلیغ، عوام کے سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کیلئے انتھک جدوجہد کی۔ انہوں نے قائد حریت شہید سید علی گیلانی کے ہمراہ ریاست کے طول و عرض میں پہنچ کر کشمیری عوام کو حریت و آزادی کا درس دیا اور عوام کو بھارتی قبضے اور استعماری ہتھکنڈوں سے آگاہ کیا۔

صحرائی شہید نے اپنے بیٹے جنید صحرائی کو کشمیر کی آزادی کیلئے وقف کیا اور اسکی شہادت پر کلمہِ شکر ادا کیا۔ مقررین نے کہا کہ شہید اشرف صحرائی نے آزادی کی جدوجہد میں بھارتی جیل میں شہادت پائی لیکن ظالم بھارتی سامراج کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ ریلی کے شرکاء نے برہان وانی شہید چوک سے بنک روڈ تک مارچ کیا۔ ریلی میں دیگر لوگوں کے علاوہ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان، چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی، حریت رہنمائوں زاہد صفی، مشتاق الاسلام، سید شعیب شاہ، عثمان علی ہاشم، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، سید آصف گیلانی، مہاجر رہنمائوں چوہدری محمد اسماعیل، سید حمزہ شاہین، صدیق دائود، جاوید احمد کار، محمد اسماعیل اور محمد اسحاق شاہین نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1133084
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش