0
Monday 6 May 2024 08:23

ریاستی وسائل سے صرف پسے ہوئے طبقات مستفید ہوں گے، انوارالحق

ریاستی وسائل سے صرف پسے ہوئے طبقات مستفید ہوں گے، انوارالحق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے صدر تنظیم تاجران آزاد کشمیر محمد رزاق خان کی قیادت میں تنظیم تاجران کے وفد نے وزیراعظم سیکرٹریت میں ملاقات کی. ملاقات میں نثارالرحمن عباسی، بشارت خان مغل، شیخ زعفران علی اکبر، راجہ طاہر ترک، راجہ وقاص سکندر، راجہ سعید اختر، محمد عبداللہ، راجہ جواد علی خان، ظہیر کیانی، عماد نظیر، اشتیاق اسلم، چوہدری عمیر گجر، سید نبیل حسین شاہ، عدنان معروف، ملک خورشید اعوان، سید مقصود حیدر، ملک ریاض اعوان، امتیاز عباسی، سید مظہر حسین شاہ، اشفاق ترین اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ عوامی حقوق کی بات کرنا کوئی جرم نہیں ہے لیکن نظریاتی آلودگی کی اجازت کسی صورت نہیں دیں گے. ریاستی رٹ قائم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تحریک تکمیل پاکستان کے نظریے پر ایک خراش بھی نہیں آنے دیں گے، ہم اس نظریے کے پاسبان ہیں، پاکستان ہماری امیدوں کا محور و مرکز ہے اور الحاق پاکستان ہماری منزل ہے۔

انھوں نے کہا شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن حد تک جاؤں گا. انہوں نے کہا کہ ریاستی وسائل سے صرف پسے ہوئے طبقات مستفید ہوں گے، یہ وسائل کرپشن زدہ لوگوں کے لئے کسی صورت نہیں ہو سکتے، معاشرے میں بہتری لانے کیلئے تاجر بھی اپنا کردار ادا کریں۔ تاجروں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں حل کریں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود وفاق نے ہمارے فنڈز نہیں روکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کوئی نہ کوئی کاروبار کر سکیں. انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر سمیت دیگر تمام شعبوں میں بہتری لا رہے ہیں.

وزیراعظم نے کہا کہ برادری ازم، تعصب سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی جرات ہو تو آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ 20 اپریل 2023ء کے بعد کوئی کرپشن ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے کو سننا حکومت کا فرض ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی. عوامی حقوق کے نام پر ریاستی فضاء کو خراب نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نئی نسل کو پروپیگنڈا کر کے خراب کرنا کونسی عقلمندی ہے۔ ہم نے اپنی نئی نسل کو صحیح سمت کی طرف لے کر جانا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 1133080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش