0
Saturday 27 Apr 2024 18:20

غزہ مذاکرات، مصری وفد تل ابیب پہنچ گیا

غزہ مذاکرات، مصری وفد تل ابیب پہنچ گیا
اسلام ٹائمز۔ عبرانی زبان کے صیہونی ای مجلے واللا نے جمعے کے روز غاصب صیہونی رژیم کے ایک حکومتی اہلکار سے نقل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مصری انٹیلیجنس سروس کا ایک وفد قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے مذاکرات کے لئے مقبوضہ فلسطین پہنچ گیا ہے۔

دوسرے صیہونی ذرائع ابلاغ نے بھی اس وفد کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے خبر دی ہے کہ اس وفد کی، غاصب صیہونی فوج کی جانب سے غزہ کے جنوب میں واقع شہر رفح پر زمینی حملے کے حوالے سے غاصب صیہونی رژیم کے سکیورٹی اداروں کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقاتیں اور قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔

اس حوالے سے اسرائیل ہیوم نامی عبرانی اخبار نے بھی غاصب صیہونی رژیم کے ایک وزیر سے نقل کرتے اور اس کا نام ظاہر کئے بغیر لکھا ہے کہ اس موقع پر مصر کی ثالثی سے کسی معاہدے پر پہنچنے اور رفح میں ممکنہ آپریشن کی منسوخی کا زیادہ امکان ہے۔ صیہونی اخبار کا لکھنا ہے کہ مصریوں کی جانب سے اسرائیل کو دی گئی تجویز میں 3 ہفتے کی جنگبندی کے بدلے 20 قیدیوں کی رہائی اور رفح میں منصوبہ بند اسرائیلی آپریشن کو روکنا شامل ہے۔

صیہونی چینل 12 نے بھی ایک صیہونی اہلکار سے نقل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی معاہدے تک پہنچنے کے لئے جاری مذاکرات میں زبردست عزم موجود ہے جبکہ یہ رفح آپریشن سے قبل آخری موقع ہے!

قبل ازیں عبرانی زبان کے اسرائیلی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ مصر کے انٹیلیجنس چیف میجر جنرل عباس کامل کی جانب سے آج ایک سکیورٹی وفد کی سربراہی میں تل ابیب کا دورہ کیا جائے گا جہاں غزہ کی پٹی میں جنگبندی کے لئے مصر کے مجوزہ منصوبے پر بات چیت ہو گی۔

امریکی ای مجلے ایکسیس (Axios) نے بھی اس حوالے سے لکھا ہے کہ اسرائیل نے مصری سلامتی کونسل کو کہہ دیا ہے کہ وہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچنے کا حتمی موقع دینے کے لئے تیار ہے اور اگر ان مذاکرات میں کوئی پیشرفت نہ ہوئی تو وہ رفح پر حملہ کر دے گا!
خبر کا کوڈ : 1131524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش