0
Saturday 27 Apr 2024 09:32

بھارت عالمی ادارے کی کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کرے، پاکستان

بھارت عالمی ادارے کی کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کرے، پاکستان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارتی لیڈروں کے اشتعال انگیز بیانات اور دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر پر اس کے قبضے سے متعلق بیانات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بھارتی لیڈروں کے علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ بننے والے تمام بے بنیاد دعووں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے بھارتی سیاست دانوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی فائدے کیلئے پاکستان کو اپنی ملکی سیاست میں گھسیٹنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بیان بازی اور دعوئوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے کیونکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام آزادانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ عالمی ادارے کی کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کی جاری تذلیل اور ان پر ڈھائے جانیوالے مظالم کی بھی مذمت کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  پاک بھارت تجارت کے بارے میں پالیسی تبدیلی سے متعلق فی الحال کوئی خبر نہیں ہے اور نہ ہی کسی نجی فرد کو بھارت سے تعلقات معمول پر لانے کی کوئی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1131416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش