0
Thursday 4 Jul 2024 18:07

عزاداری آئینی و قانونی حق، محدودیت سے گریز کیا جائے، علامہ شبیر میثمی

وفاقی وزیر داخلہ و وفاقی سیکرٹری داخلہ، وفاقی وزیر اطلاعات و وفاقی سیکرٹری اطلاعات و دیگر کو خطوط ارسال
عزاداری آئینی و قانونی حق، محدودیت سے گریز کیا جائے، علامہ شبیر میثمی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے واضح کیا ہے کہ عزاداری آئینی و قانونی حق ہے، محدودیت سے گریز کیا جائے، چار دیواری کے اندر مجالس و محافل کے انعقاد پر بانیان کیخلاف مقدمات کا اندراج غیر آئینی اقدام ہے، یہ سلسلہ روکا جائے۔ توازن کی غیر منصفانہ و ظالمانہ پالیسی کے تحت علماء و ذاکرین عظام، خطباء حضرات اور معتدل مزاج شخصیات پر مختلف اضلاع میں داخلے پر پابندی اور زبان بندی سے اجتناب لازم ہے، انتظامیہ کی جانب سے مجالس و جلوس عزا پر بلاجواز پابندی حتیٰ کہ چار دیواری کے اندر مجالس پر پابندی، جلوسوں میں رکاوٹ، محدودیت، بانڈ فلنگ اور این او سی جیسی شرائط عائد کرنے اور مختلف حیلے بہانے بنا کر مجالس و جلوسوں میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رکھا جائے، امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے مثبت، سنجیدہ فکر اور معتدل مزاج افراد کی خدمات حاصل کی جائیں۔

انہوں ںے کہا کہ عشروں سے روایت رہی ہے کہ ”یکم محرم تا 10 محرم“ وسیع پیمانے پر الیکٹرانک میڈیا پر پروگرامز نشر اور پرنٹ میڈیا پر آرٹیکلز شائع ہوتے تھے، لیکن کچھ عرصہ سے محرم الحرام کے حوالے سے انتہائی محدودیت دیکھی جا رہی ہے، لہذا سابقہ مثبت روایت کو برقرار رکھنے کی تلقین کی جائے، علاوہ ازیں ملک بھر میں بجلی کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملک دشمن، دہشتگرد اور شرپسند عناصر ناجائز و فائدہ نہ اٹھا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر علامہ شبیر حسن میثمی مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین، چئیرمین پاکستان الیکڑانک میڈیا ریگولر اتھارٹی محمد سلیم بیگ، وفاقی سیکرٹری داخلہ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین پی ٹی وی، ڈی جی ریڈیو، کوآرڈینیٹر نیکٹا، گورنرز، وزراءاعلیٰ، چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز، آئی جیز پولیس کو الگ الگ خطوط کے ذریعے آمدہ ماہ مقدس محرم الحرام 1446ھ و صفر المظفر کے اہم امور بارے متوجہ کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے تمام ذمہ داران اتحاد بین المسلمین، وحدت و یکجہتی کے فروغ، امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے ہر سطح کی انتظامیہ سے مثبت و بھر پور تعاون کی ہدایت جاری کی جا چکی ہے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور ہر سطح کی انتظامیہ سے بھی مثبت و بھرپور تعاون کی توقع ہے۔
خبر کا کوڈ : 1145707
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش