0
Thursday 4 Jul 2024 10:00

چوہدری انوارالحق سے سردار عتیق کی ملاقات

چوہدری انوارالحق سے سردار عتیق کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، سیاسی و باہمی دلچسبی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال دن بدن بگڑ رہی ہے جس پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے  اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نہ تو مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ فوجی قبضے کو مانتے ہیں اور نہ وہ بھارت کے کسی سیاسی ڈرامے کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں آزاد کشمیر کی جملہ لیڈر شپ سیاسی، مذہبی و حریت قیادت کا موقف ایک ہے کہ بھارت کے خلاف ہر بین الاقوامی فورم پر صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملکر اپنے حق خودارادیت کیلیے آواز بلند کریں گے اور اقوام متحدہ کو یاد دہانی کروائیں گے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں آپ  سابق وزراء اعظم اپنا اہم کردار ادا کریں تاکہ ہم ریاست کو حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ریاست میں گڈگورننس کے نفاذ کیلیے بھی پوری طرح سرگرم عمل ہیں، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے جس کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے  عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلیے حکومت کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ملکر آگے بڑھیں گے تاکہ بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلیے اقدامات کرے۔ انہوں نے وزیراعظم کے گڈگورننس اقدامات کو بھی سراہا۔
خبر کا کوڈ : 1145621
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش