0
Saturday 27 Apr 2024 23:57

مرکز ثقافت و اسلامی روابط ایران کی امریکی طلباء سے اظہار یکجہتی کیلئے پوری دنیا سے اپیل

مرکز ثقافت و اسلامی روابط ایران کی امریکی طلباء سے اظہار یکجہتی کیلئے پوری دنیا سے اپیل
اسلام ٹائمز۔ جمہوری اسلامی ایران کے مرکز ثقافت و اسلامی روابط نے امریکی طلباء سے اظہار یکجہتی کیلئے پوری دنیا سے اپیل کر دی۔ اپنے ایک بیان میں مرکز ثقافت و اسلامی روابط ایران نے فلسطین کے حامی یونیورسٹی طلباء کے خلاف امریکی حکومت اور پولیس کے ظالمانہ رویئے کی مذمت کرتے ہوئے پوری دنیا کی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں سے ان طلباء تنظیموں کی حمایت کی درخواست کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان طلباء تنظیموں کی جانب سے امریکا کی مختلف ریاستوں میں بیداری کی یہ لہر اور صہیونی مظالم اور شیطانی عزائم کی مذمت، آزادی بیان کے دعویداروں کی جانب سے طلباء کی ایک بڑی تعداد کی گرفتاری اور تشدد کا باعث بنی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کیلفورنیا سے ٹیکساس تک جو غیرت مند طلباء غزہ فلسطین کے مظلوم لوگوں، خاص کر معصوم بچوں اور عورتوں پر ظلم و تشدد کو روکنے کیلئے میدان میں نکلے، وہ کبھی بھی غزہ میں جنگ بندی، اسرائیلی ڈکٹیٹر رژیم کی حامی حکومتوں اور نام نہاد سماجی اداروں سے قطع روابط اور غزہ میں نسل کشی کرنے والوں کو کٹہرے میں لانے جیسے بنیادی مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ان طلباء کی انسانیت پر مبنی تحریک نے اپنی حکمت عملی، ثابت قدمی اور پیش قدمی کے ذریعہ خونخوار درندوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ تمام مغربی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں تک اس احتجاج کی گونج پہنچا دی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس تحریک کے تین بنیادی ارکان، آگاہی، بصیرت اور استقامت نے امریکی ایوانوں میں زلزلہ برپا کر دیا ہے، انسانیت پر مبنی ایسی تحریکیں جو مغرب کے دیگر جغرافیائی خطوں اور تعلیمی شعبوں میں بھی  مقبول ہو رہی ہے، امریکا کے شیطانی عزائم کیلئے خطرہ ثابت ہو رہی ہیں۔ مرکز ثقافت و روابط اسلامی نے اپنے بیان میں امریکی یونیورسٹیوں کے تمام طلباء اور اساتذہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جو امریکا پر مسلط صیہونی لابی کے شدید دباؤ کے باوجود غزہ کے مظلوموں کی حمایت میں میدان میں نکلے اور ان کے خلاف ہونے والے ہر ظالمانہ اقدام کی بھرپور مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مرکز ثقافت و روابط اسلامی دنیا بھر کی یونیورسٹیوں، تعلیمی و ثقافتی اداروں سے ہر طرح کے مذہبی، لسانی اور نسلی تعصبات سے تر ہو کر ان امریکی طلباء تنظیموں کی انسانیت پر مبنی حقیقت پسند تحریک کی مکمل حمایت کی درخواست کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ظاہر ہے کہ پوری دنیا کی جانب سے ان طلباء تنظیموں سے اظہار یکجہتی اور حمایت، در حقیقت فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام سے ہی اظہار یکجہتی ہے، جو کسی بھی آزاد انسان کا اخلاقی فرض ہے، امید ہے کہ اس طرح کی تحریکیں استکباری نظام کے مجرمانہ تسلط کے خاتمے، غزہ میں جنگ بندی اور صیہونی وحشیوں اور انکے حامیوں کی شکست کا باعث بنیں گی۔
خبر کا کوڈ : 1131617
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش