0
Friday 26 Apr 2024 22:37

محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری کیخلاف وکلاء برادری کا عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ

محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری کیخلاف وکلاء برادری کا عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان بار کونسل، بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مشترکہ بیان میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ناروا اقدام کے خلاف کل بلوچستان بھر میں عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ محمود خان اچکزئی کا ملک کے اندر آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی کے لئے ایک واضح اور اصولی موقف ہے۔ جس کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار حکومت قومی رہنماؤں کو بذریعہ طاقت دبانا چاہتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے قومی رہنماؤں کے لئے جیل زندان، ایف آئی آر کا اندراج کوئی نئی بات نہیں۔ اس سے قبل بھی بلوچستان کے قومی رہنماء پابند سلاسل رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان بار کونسل اور بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے محمود خان اچکزئی کے خلاف دائر ایف آئی آر کو انتقامی کارروائیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے ان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 27 اپریل ہفتہ کو بلوچستان بھر میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

علاوہ ازیں کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر و دیگر رہنماوں نے مذمتی بیان میں کہا کہ کوئٹہ انتظامیہ کی جانب سے پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کے خلاف من گھڑت اور جھوٹی ایف آئی آر اور وارنٹ گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ سیاسی جماعت کے سربراہ کو جعلی مقدمہ اور جیل سے نہ ڈرایا اور نہ دھمکایا جاسکتا ہے۔ ریاست ناکام تجربات پھر سے دوہرا رہی ہیں، جس کے تحت انسانی و قومی حقوق اور آئین کیلئے اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کوئٹہ بار ایسوسی ایشن غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی سختی سے مخالفت کرتی ہے اور پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے خلاف بے بنیاد بدنیتی پر مبنی مقدمہ اور وارنٹ گرفتاری واپس لیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1131364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش