0
Tuesday 7 May 2024 08:23

نیلم میں ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، عبدالوحید

نیلم میں ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، عبدالوحید
اسلام ٹائمز۔ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر قانون انصاف و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نیلم میں ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ نیلم کی عوام نے گزشتہ دہائیوں میں لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے جوانوں کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے قربانیاں دی ہیں۔نیلم کی ترقی کیلئے’’جشن نیلم‘‘ کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ نیلم کی ترقی اور اس کی ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے یوم نیلم کے موقع پر تمام مکاتب فکر مل جل کر اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر قانون انصاف و پارلیمانی امور میاں عبد الوحید ایڈوکیٹ نے یوم نیلم کی تین روزہ تقریبات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ضلعی آفیسران، آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اس سے پہلے وزیر قانون انصاف و پارلیمانی امور میاں عبد الوحید ایڈوکیٹ کو ڈپٹی کمشنر راجہ عارف محمود نے جشن نیلم تقریبات کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں یوم نیلم کی 3 روزہ تقریبات کا شیڈول جاری کیا گیا۔ تقریبات 12 سے 14 مئی تک جاری رہیں گی۔ 12 مئی کو تقریبات کا افتتاح، کرکٹ ٹورنامنٹ، نیلم کو درپیش چیلنجز، نیلم کی سیاحت کے عنوان پر سیمینار اور صوفی نائٹ کا انعقاد کیا جائے گا، 13 مئی کو محفل نعت اور محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔ مرکزی تقریب 14 مئی کو آٹھمقام کالج گراونڈ میں منعقد کی جائے گی۔ مرکزی تقریبات میں رنگارنگ ثقافتی و مقامی پروگرامات کے علاوہ محکمہ جات کی جانب سے مختلف اشیاء کے نمائشی سٹالز لگائے جائیں گے۔ رنگارنگ تقریبات کیلئے شیڈول ترتیب دیدیا گیا ہے۔ اجلاس سے مقامی کمانڈنگ آفیسر آصف رشید، ایس پی خواجہ صدیق احمد، چیئرمین ضلع کونسل غلام مجتبیٰ مغل، وائس چیئرمین ضلع کونسل نثار احمد خان، آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ مفتی خالد حسین، علامہ حمیدالدین برکتی، ڈسٹرکٹ کونسلر راجہ افتخار احمد، صدر پریس کلب نیلم جاوید اسداللہ، نواز ناصر، سلطان پیرزادہ، چیئرمین ولی فائونڈیشن زرداد خان نے جشن نیلم کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس میں ضلعی آفیسران سمیت ڈسٹرکٹ کونسلرز اور انجمن تاجران کے نمائندگان نے شرکت کی۔ جشن نیلم کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے جوش و جذبہ سے کام کرنے کا عزم کیا گیا۔ 
خبر کا کوڈ : 1133297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش