0
Friday 26 Apr 2024 21:52

اسٹیل ملز انتظامیہ ٹاؤن شپ کے گیس کنکشن مستقل بنیادوں پر بحال کرے، منعم ظفر خان 

اسٹیل ملز انتظامیہ ٹاؤن شپ کے گیس کنکشن مستقل بنیادوں پر بحال کرے، منعم ظفر خان 
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹیل ملز انتظامیہ ٹاؤن شپ کے گیس کنکشن مستقل بنیادوں پر بحال کرے، سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے جزوی گیس بحالی کے باعث اسٹیل ٹاؤن شپ کے رہائشیوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، حاضر سروس ملازمین کی تنخواہوں سے یوٹیلٹیز کی کٹوتی کے بعد گیس، بجلی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق کراچی میں پاسلو یونین کے جنرل سکریٹری علی حیدر گبول کی قیادت میں نمائندہ وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد نے عبوری امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کو اسٹیل ملز کی موجودہ صورتحال، ملازمین کو درپیش مسائل بالخصوص اسٹیل ملز انتظامیہ کی جانب ٹاؤن شپ کی گیس کنکشن سمیت ملازمین کو درپیش مسائل پر آگاہ کیا۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ گھریلو صارفین کو کمرشل بلز بھیجنا غیر قانونی اقدام ہے، اسٹیل ملز انتظامیہ فوری طور پر گھروں میں گیس کے میٹرز انسٹال کرکے رہائشیوں کو ڈومیسٹک کنکشن فراہم کرے، اسٹیل ملز انتظامیہ ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، میڈیکل سہولیات بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جائے، ملازمین کیلئے وفاقی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کیلئے رقم مختص کی جائے، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی اور برطرف ملازمین کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج ملازمین کا حق ہے، جماعت اسلامی اسٹیل ملز کے مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے، ہر طرح قانونی و سیاسی تعاون فراہم کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1131336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش