0
Thursday 25 Apr 2024 22:23

ہم غزہ میں اسرائیل کے کھلے جنگی جرائم کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، نکاراگوا

ہم غزہ میں اسرائیل کے کھلے جنگی جرائم کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، نکاراگوا
اسلام ٹائمز۔ نکاراگوا کے صدر ڈینیل اورٹیگا (José Daniel Ortega Saavedra) نے غزہ کی پٹی میں مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف جاری غاصب صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کے خلاف موثر و فیصلہ کن عالمی ردعمل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

بولیوارین الائنس فار دی پیپل آف لیٹن امیرکا (ALBA – the Bolivarian Alliance) کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈینیل اورٹیگا نے اعلان کیا کہ ہم غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے انجام پانے والے نسل کشی پر مبنی کھلے جنگی جرائم کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

عرب چینل المیادین کے مطابق نکاراگوا کے صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ میں لاطینی امریکہ کے لوگوں کے بولیوارین اتحاد میں فلسطینی ریاست کی رکنیت کا مطالبہ بھی کرتا ہوں!

نکاراگوا کے صدر نے غاصب و سفاک صیہونی رژیم کو حاصل مذموم امریکی حکومت کی اندھی حمایت کی بھی شدید مذمت کی اور زور دیتے ہوئے کہا کہ جب اقوام متحدہ میں ایک آزاد ریاست کے طور پر فلسطین کی رکنیت پر ووٹنگ ہوتی ہے تو امریکہ، غزہ کے خلاف اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ انسانیت سوز جنگ کی حمایت کے لئے اپنا ویٹو کا حق استعمال کرتا ہے۔

قبل ازیں نکاراگوا کی حکومت نے، غزہ کے عوام کے وسیع قتل عام میں استعمال کے لئے برلن کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کو ارسال کردہ فوجی امداد کے حوالے سے بین الاقوامی عدالت انصاف (ICJ) میں جرمنی کے خلاف شکایت دائر کروائی تھی کہ جس کا فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی خیر مقدم کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1131136
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش