0
Sunday 5 May 2024 21:41
صیہونیت مخالف ممتاز یہودی استاد کا نیویارک میں اسرائیل مخالف احتجاج سے خطاب

صیہونزم نئے دور کا "جعلی بت" اور اسرائیل ایک جعلی و نسل کش رژیم ہے، ناؤمی کلائن

صیہونزم نئے دور کا "جعلی بت" اور اسرائیل ایک جعلی و نسل کش رژیم ہے، ناؤمی کلائن
اسلام ٹائمز۔ امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطینی عوام کی حمایت اور غاصب و سفاک صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کی مذمت میں جاری طلبہ احتجاجی تحریک کے ساتھ ساتھ آج صیہونی ازم مخالف یہودی کمیونٹی نے بھی "عید پسح (Passover-Pesach) کا دسترخوان" کے عنوان سے اسرائیل اور اس کے گھناؤنے جرائم کے خلاف امریکی شہر نیویارک میں وسیع احتجاج کیا ہے جس کے دوران امریکی پولیس کی جانب سے کم از کم 300 احتجاجی مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا۔

امریکی کمیونٹی کے اسرائیل مخالف احتجاج کے ساتھ خطاب میں کینیڈا کی معروف یونیورسٹی پروفیسر، مصنف، محقق اور یہودی سماجی کارکن ناؤمی کلائن (Naomi Klein) نے غزہ کی پٹی میں جاری غاصب صیہونی رژیم کے انسانیت سوز جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے غاصب صیہونیوں کو حضرت موسیؑ مخالف "سامری کا ٹولہ" قرار دیا ہے۔
 
اس موقع پر غاصب صیہونی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے ناؤمی کلائن نے "یہودی تعلیمات" کے مطابق مجرم صیہونی رژیم کی "منافقت" پر تاکید کی اور زور دیتے ہوئے کہا کہ "میں حضرت موسیؑ اور ان کے غضب کو دیکھ رہی ہوں کہ جب وہ پہاڑ (طور) سے نیچے آئے اور انہوں نے اسرائیلیوں کو سونے کا بچھڑا پوجتے ہوئے پایا!

کینیڈا کی یہودی استاد نے تاکید کی کہ (سامری کے بچھڑے والا) یہ واقعہ "جھوٹے بتوں" کے بارے ایک نصیحت و عبرت آموز سبق ہے۔

معروف یہودی محقق و پروفیسر نے کہا کہ ہمارے بہت سے (یہودی) لوگ ایک بار پھر ایک جھوٹے بت کی پوجا میں لگ چکے ہیں کہ جس سے وہ لطف اندوز و مست ہوتے ہیں اور جس نے انہیں پست و ذلیل بنا کر رکھ دیا ہے جبکہ اس جھوٹے بت کو "صیہونیت" کہا جاتا ہے!!

ناؤمی کلائن کا کہنا تھا کہ اس جھوٹے بت نے نہ صرف ہم سے "عدالت اور غلامی سے آزادی کی تورات کی داستانیں" اور حتی خود (عید) پسح کی داستان تک چھین لی ہے بلکہ ان داستانوں کو "نوآبادیاتی سرزمین کے تشدد پسند اسلحہ جات اور نسل کشی و نسلی تطہیر کے روڈ میپ" میں بھی بدل کر رکھ دیا ہے۔
 
اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں کینیڈا کی معروف یہودی محقق نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اس جھوٹے بت (صیہونی ازم) نے "ارض موعود" کے " ماورائی نظریئے" کو یرغمال بناتے ہوئے اسے "عسکریت پسند نسل پرست رژیم" میں بدل ڈالا، اعلان کیا کہ ہم (دنیا بھر کے یہودی) "صیہونی ازم" کا خاتمہ چاہتے ہیں!!
خبر کا کوڈ : 1133009
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش