0
Saturday 27 Apr 2024 19:33

جس وقت بھارت میں سوئی نہیں بنتی تھی اسوقت پنڈت نہرو نے راکٹ لانچ کیا تھا، کانگریس

جس وقت بھارت میں سوئی نہیں بنتی تھی اسوقت پنڈت نہرو نے راکٹ لانچ کیا تھا، کانگریس
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی انتخابات 2024ء کے تحت کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے آسام کے بارپیٹا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے بی جے پی پر شدید تنقید کی۔ کھرگے نے کہا کہ آج ہم ملک میں گیہوں، چاول کثرت مقدار سے پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی اور جواہر نہرو کی وجہ سے ہی ملک میں سبز انقلاب اور سفید انقلاب آیا۔ مودی کو نشانہ بناتے ہوئے ملکارجن کھرگے نے کہا کہ بی جے پی اشتہارات دیتی ہے اور کہتی ہے کہ مودی وہ واحد شخص ہیں جو صرف غریبوں کی مدد کے لئے پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ملک میں جہاں چاول اور گندم کی پیداوار کافی نہیں تھی اور ہمیں امریکہ سے درآمد کرنا پڑتا تھا۔ آج ہم گندم، چاول اور دالیں اتنی مقدار میں پیدا کر رہے ہیں جو ملک کے عوام کی  خوراک کے لئے کافی ہے، یہ سب کانگریس، پنڈت جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی کی وجہ سے ہوا ہے۔

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مزید کہا کہ جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی کی وجہ سے ہی ملک میں سبز انقلاب اور سفید انقلاب آیا، ایک ایسے ملک میں جہاں سوئی تک نہیں بنتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے راکٹ لانچ کرنے کی ہمت کی تو وہ پنڈت جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی تھے۔ انہوں نے کانگریس کے منشور پر وزیراعظم نریندر مودی کے بیانات پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے منشور کے بارے میں جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں وہ غلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے منشور میں سب کچھ غریبوں، نوجوانوں، کسانوں، خواتین کے لئے ہے، اس کو مسلم لیگ کا منشور کہنا شرم کی بات ہے۔ وایناڈ سے الیکشن لڑنے پر راہل گاندھی پر بی جے پی کی تنقید کے بارے میں پوچھے جانے پر کھرگے نے کہا کہ جو لوگ کانگریس کے لیڈروں سے انتخابی حلقے تبدیل کرنے پر سوال اٹھاتے ہیں وہ مجھے یہ بھی بتائیں کہ اٹل بہاری واجپائی اور لال کرشن اڈوانی نے کتنی بار اپنی سیٹیں تبدیل کیں۔
خبر کا کوڈ : 1131542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش