اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے عوام کے نام کھلا خط لکھ دیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد لکھتی ہیں کہ ایک سال ہونے کو آگیا ہے، تحریک انصاف کے کارکنوں پر ڈھائے جانیوالے ظلم میں کوئی کمی نہیں آئی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے خط میں کہا ہے کہ ابھی بھی سینکڑوں بیگناہ کارکن جیلوں میں بند ہیں۔ جو زیادتی انعم جاوید اور عالیہ حمزہ پر ہو رہی ہے، اس کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال ہی نہیں۔ میڈم رُتھ لیس کے حکم پر پچھلے 15 دن سے وہ سرگودھا کی جیل میں بند ہیں۔ عقل دنگ رہ جاتی ہے کہ ایک ہی وقت میں ان پر لاہور کے کیسنر ڈالے گئے اور انہی اوقات میں انہوں نے جلاؤ گھراؤ میانوالی میں بھی کیا ہے۔ پنجاب کی پولیس کتنا اور کب تک یہ جھوٹ بولے گی؟۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے لکھا کہ اس ظلم کا جواب صرف ووٹ کے ذریعے دیا جا سکتا ہے۔ میں پنجاب اور بالخصوص لاہور کے لوگوں سے درخواست کرتی ہوں کہ 21 اپریل کو نکلیں۔ سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کے نمائندوں کو ووٹ کریں اور اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کریں۔ یہ نہ ہو کہ فارم 47 کے ذریعے دوبارہ آپ کا مینڈیٹ چوری ہو جائے۔