0
Sunday 5 May 2024 20:43

بدترین لوڈشیڈنگ، نیپرا کے الیکٹرک کیخلاف فوری کارروائی کرے، جماعت اسلامی

بدترین لوڈشیڈنگ، نیپرا کے الیکٹرک کیخلاف فوری کارروائی کرے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے سخت گرمی اور حبس میں کے الیکٹرک کی جانب سے بدترین لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے اس سلسلے میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے حوالے سے خط ارسال کر دیا ہے، جس میں مطالبہ کیا ہے کہ نیپرا بدترین لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے، کے الیکٹرک کے خلاف فوری کاروائی کرے، AT&C کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کرنے پر کے الیکٹرک کے خلاف اپنے 3 اپریل 2024ء کے فیصلے پر عمل درآمد کرے اور کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے، کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کے خلاف منگل 7 مئی کو کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے سامنے عوامی پریس کانفرنس کریں گے۔ منعم ظفر خان نے اپنے خط میں مزید کہا کہ نیپرا قوانین کے مطابق جو صارفین بجلی کا بل وقت پر ادا کرتے ہیں، انہیں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے الیکٹرک کی بنیادی ذمہ داری ہے، نیپرا ایکٹ کے تحت صارفین کے مفادات کا تحفظ نیپرا کی اولین ذمہ داری ہے۔

منعم ظفر نے کہا کہ کے الیکڑک کی نجکاری کو 18 سال کا طویل عرصہ بیت گیا، مگر کے الیکٹرک نہ تو بجلی جنریشن میں خودکفیل ہو سکا اور نہ ہی کراچی سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری مہنگی ترین بجلی صرف کے الیکٹرک سے خریدنے پر مجبور اور وقت پر بل ادا کرنے کے باوجود روزانہ 3 سے 18 گھنٹوں کی بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں، جبکہ کے الیکٹرک پورا سال  AT&C کی بنیاد پر کراچی بھر میں پورے علاقے کا فیڈر بند کرکے دن اور رات کے اوقات میں بدترین لوڈشیڈنگ کر رہا ہے۔ دریں اثناء خط کی کاپیاں وزیراعظم پاکستان، وزیراعظم سیکرٹریٹ، ہیومن رائٹ سیل،سپریم کورٹ آف پاکستان، وفاقی وزیر برائے توانائی پاور ڈویژن، وفاقی سیکرٹری پاور،پاور ڈویژن، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وفاقی وزیر قانون و انصاف کو بھی ارسال کی گئیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1133007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش