0
Monday 6 May 2024 05:44

بھارت و پاکستان جب تک آپس میں بات نہیں کرینگے دہشت گردانہ حملے ختم نہیں ہونگے، فاروق عبداللہ

بھارت و پاکستان جب تک آپس میں بات نہیں کرینگے دہشت گردانہ حملے ختم نہیں ہونگے، فاروق عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ چار مئی کو جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں بھارتی فضائیہ کے قافلے پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں بھارتی فوج کا ایک جوان ہلاک ہوا۔ اب اس پورے واقعے پر سیاست کافی گرم ہو رہی ہے۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے مذکورہ حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے فوجی کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پونچھ حملے اور پاک بھارت تعلقات پر نیوز ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ میں جانبحق فوجی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا ’’امت شاہ کہتے تھے کہ آرٹیکل 370 دہشتگردی کے لئے ذمہ دار ہے، اب یہ ختم ہوچکا ہے لیکن دہشت گردی کے حملے اب بھی جاری ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ہے، دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے بات کر کے مسائل حل کرنے چاہیئے۔

اس دوران بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر پر اپنے دعوے سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کو طاقت کے ذریعے اس پر قبضہ نہیں کرنا پڑے گا۔ اس بارے میں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلٰی فاروق عبداللہ نے کہا کہ پاکستان نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں اور ان کے پاس ایٹمی بم بھی ہے۔ این سی کے صدر نے کہا کہ اگر وزیر دفاع ایسا سوچ رہے ہیں تو آگے بڑھیں، ہم کون ہوتے ہیں روکنے والے لیکن یاد رکھیں پاکستان نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں، ان کے پاس ایٹمی بم بھی ہے اور بدقسمتی سے وہ ایٹمی بم ہم کشمیریوں پر گرے گا۔ فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ بنیادی مسئلہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کا ہے، دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے بات کرکے مسائل کو حل کرنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 1133003
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش