0
Wednesday 21 Mar 2012 01:22

سانحہ خانپور، پولیس افسران نے مضحکہ خیز ڈرامہ رچایا، جمعیت علماء اسلام

سانحہ خانپور، پولیس افسران  نے  مضحکہ خیز ڈرامہ رچایا، جمعیت علماء اسلام
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام س پنجاب اور دفاع پاکستان کونسل جنوبی پنجاب کے رہنمائوں مفتی محمد اسعد درخواستی، قاری خضر حیات، پروفیسر محمد محسن رحمانی، حافظ حسین احمد درخواستی اور مولانا شکیل احمد مدنی نے ایک مشترکہ کانفرنس میں خان پور سانحہ کے حوالہ سے اعلیِ پولیس افسران کی جانب سے مضحکہ خیز ڈراپ سین کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ ڈراپ سین درحقیقت اصل ملزمان سے توجہ ہٹانے اور اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے رچایا گیا تاکہ افسران بالا کو اپنی نام نہاد کارکردگی سے متاثر کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد ملزمان ماسٹر محمد نواز اور واجد کو دو ماہ قبل ان کے اداروں سے اٹھایا گیا جس کا ریکارڈ باقاعدہ طور پر اداروں میں موجود ہے، ماسٹر محمد نواز جن کو ماڈل ہائی سکول خان پور سے اٹھایا گیا وہاں حاضری رجسٹر میں ریکارڈ کے مطابق وہ دو ماہ سے غائب ہیں ان کے تمام سٹاف اور ادارہ کے سربراہان اور ملازمین اس بات کے گواہ ہیں۔
 
اسی طرح واجد کو علی پور کے ایک مستند مدرسہ سے اٹھایا گیا، جس کا ریکارڈ مدرسہ کے حاضری رجسٹر میں موجود ہے، اسی امر سے آر پی او بہاولپور عابد قادری کی قابلیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ سانحہ خانپور کے موقع پر آر پی او نے پہلے یہ بیان دیکر کہ یہ کوئی دہشت گردی کا واقعہ نہیں بلکہ ٹرانسفارمر دھماکہ تھا متاثرین کی بہت زیادہ دل آزاری کی اور میڈیا کے نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ہر مکتبہ فکر کی طرف سے اس غیر ذمہ داری پر تبصرے کیے گئے اب پھر دوسری مرتبہ آر پی او عابد قادری نے ملزمان کو گرفتار کرکے پریس کانفرنس کرکے ایک مضحکہ خیز ڈرامہ رچایا ہے کہ دو ماہ قبل غائب ہونے والے معصوم اور بے گناہ دو افراد کو ملزمان بنا کر میڈیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے،  ایسے مضحکہ خیز اور بچگانہ عمل کرکے آر پی او اپنی غیر ذمہ داری کا ثبوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر بے گناہ افراد ماسٹر محمد نواز اور محمد واجد کو رہا کیا جائے اور واقعہ کے اصل ملزمان کا سراغ لگایا جائے تاکہ اصل ملزمان کیفر کردار تک پہنچیں، انہوں نے جون 2006ء میں اسی طرح کے ایک مضحکہ خیز ڈراپ سین کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس موقع پر بھی شوشہ چھوڑا گیا تھا کہ خودکش جیکٹس بنانے کے ماسٹر مائنڈ گرفتار ہوگئے ہیں اس میں بھی ماسٹر محمد نواز کو بے گناہ ملوث کیا گیا بعد میں ہائی کورٹ نے ان کو باعزت رہائی دی پھر ایک بار 2012ء میں اس ڈراپ سین کو پولیس انتظامیہ نے دہرایا ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور عنقریب جمعیت علماء اسلام اس سلسلہ میں ایک احتجاجی ریلی نکالے گی۔
خبر کا کوڈ : 147119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش